اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)سانحہ آرمی پبلک اسکول کیس میں حکومت نے سپریم کورٹ سے وزیراعظم کی دستخط شدہ رپورٹ جمع کرانے کیلئے مزید 3 ہفتے کا وقت مانگ لیا ہے۔سپریم کورٹ میں حکومتی درخواست میں کہا گیاکہ اے پی ایس شہدا کےوالدین سے وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی ایک ملاقات کرچکی ہے ، والدین سے ایک اور ملاقات جلد متوقع ہے تاکہ انہیں مطمئن کیا جا سکے۔
سپریم کورٹ نے 9 نومبر کو وزیراعظم سےایک ماہ میں پیشرفت رپورٹ مانگی تھی اور گذشتہ ماہ حکومت کی تین ہفتے کا وقت دینےکی استدعا منظور کی تھی۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس میں شیریں مزاری، عمرایوب،فہمیدہ مرزا،صاحبزادہ محبوب سلطان شامل ہیں۔ اس کمیٹی میں اٹارنی جنرل، دفاع، داخلہ کے ایڈیشنل سیکرٹریز خصوصی دعوت پر شریک ہونگے۔ سپریم کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کو شہداء کے والدین کا مؤقف سننے کی ہدایت کی تھی۔
اس کے علاوہ پچھلے ماہ بھی سانحہ آرمی پبلک اسکول کیس میں وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ سے جواب جمع کرانے کیلئے وقت مانگا تھا۔ درخواست میں کہا گیا کہ وزیراعظم کا دستخط شدہ جواب جمع کرانے کیلئے 3 ہفتے کی مہلت دی جائے، وزیراعظم نے شہداء کے والدین سے ملاقات کیلئے کمیٹی تشکیل دی ہے اور مناسب ہوگا کہ والدین اور کمیٹی کی ملاقات کا نتیجہ سامنے آنےدیا جائے۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ عدالت میں جامع عمل درآمد رپورٹ پیش کرنے کی مہلت دی جائے۔

