خضدار(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما ء سابق وزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ کارکن کسی بھی پارٹی کے لئے اثاثہ اور ستون کی مانند ہوتے ہیں میرے ورکرز اور قبائلی عمائدین کا میرے ساتھ جو عقیدت و احترام کا رشتہ ہے اس پر مجھے فخر حاصل ہے۔ میں اسی کے دھائی سے سیاست کررہاہوں اور اس سیاست کی مدت میں کئی نشیب و فراز میں نے دیکھے ہیں جب بھی میں نے الیکشن میں حصہ لیا مجھے میرے ورکرز نے بھر پور انداز میں پذیرائی دی ہے۔جب بھی مصائب و مشکلات اور کٹھن مرحلہ آیا سیاسی کارکنان میرے بازو بنے رہے یہی ہماری سیاست اور عوامی خدمت کی خوبصورتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز خلقِ جھالاوان خضدار میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی خضدار کے سینئر رہنماء میر عبداللطیف شاہوانی نے ان سے ون ٹون ملاقات کی۔ جب کہ خضدار زہری کرخ سوراب وڈھ سمیت مختلف علاقوں سے آئے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنماء و رکرز اور قبائلی عمائدین نے ان سے ملاقات کرکے اپنے علاقوں کے مسائل بیان کیئے۔ نواب ثناء اللہ خان زہری نے ان کے مسائل کے حل کی یقین دھانی کرادی۔ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کا کہنا تھاکہ میں یہ بات بھی فخرکے انداز میں کہہ سکتا ہوں کہ دستیا ب وسائل کے اندررہتے ہوئے میں نے دوسرے نمائندوں سے بڑھ ترقیاتی کام کیا ہے۔ میری حکومت نے سب سے زیادہ بلوچستان میں خوشحالی فلاح و بہبود کے پروگرامز دیئے جن پر آج چار سال بعد بھی آن گوئنگ کی صورت میں کام جاری ہے اور یہ ترقیاتی منصوبے اربوں روپے سے بنائے گئے تھے اور ہنوز بھی یہ منصوبے جاری و ساری ہیں اور انشاء اللہ مستقبل میں بھی اسی تسلسل کے ساتھ کام کریں گے۔سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کا کہنا تھاکہ پارٹی کارکن بلدیاتی انتخابات اور اگلے قومی انتخابات کی تیاریاں کرلیں آنے والے وقت میں جھالاوان سمیت پورے بلوچستان سے پیپلز پارٹی واضح اکثریت کے ساتھ وفاق اور صوبوں میں پارلیمنٹ کا حصہ ہوگی ملک میں جو معاشی بحران اور مسائل ہیں ان کو پیپلز پارٹی حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور انشاء اللہ یہ تمام مسائل بتدریج حل ہونگے اور عوام کی خواہشات کے مطابق طرزِ حکمرانی کا فارمولا پیش کریں گے۔
رکن کسی بھی پارٹی کے لئے اثاثہ اور ستون کی مانند ہوتے ہیں،نواب ثناء اللہ زہری

ٹیگز:
نواب زہری
