سیستان :سیستان بلوچستان کے چاہ بہار سمیت دیگر ساحلی ایرانی علاقوں میں اتوار شب سے شروع ہونے والی بارشوں کے باعث سیلابی کیفت پیدا ہو چکی ہے۔سیلابی ریلوں کے باعث شہریوں کی زندگی مفلوج ہے اور بعض جگہوں پر لوگ گھروں میں محصور ہو چکے ہیں۔
ایران سے موصول ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طوفانی بارشوں کےبعد سیلابی ریلوں نے شہروں کا رخ کرلیا اور شاہراہوں اور پلوں کو بھی نقصان پہنچا ۔ علاقے سے آمدہ اطلاعات کے مطابق چاہ بہار کےعلاقے کنارک میں سلابی پانی نے تباہی مچاہی اور شہروں کے علاوہ بازار بھی پانی سے بھرگئے۔ ایرانی شہریوں نے گھروں میں داخل ہونے والے پانی کو اپنی مدد آپ کے تحت نکالنے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔ رسانک نیوز کی رپورٹ کے مطابق دشتیاری کےعلاقے میں مکان گرنے سے پانچ افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک دوسرا شخص سیلابی ریلے سے گاڑی میں گزرنے کےدوران بہہ جانے سے ہلاک ہوگیا۔
دوسری جانب ایرانی حکام نے پانی بھرجانے کے باعث استقلال ڈیم کے سپل وے کھول دیے ہیں جب کہ سیلابی ریلوں سے ندی نالوں میں طغیانی کے باعث مناب کےدوسرے پل کے بالائی کنارے تک پانی پہنچ چکا تھا۔ سیلابی ریلوں نے مقامی باشندوں کی زرعی زمینوں کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔بعض ویڈیوز میں پانی گھروں میں داخل دیکھا جا سکتا ہے جہاں گھر کا سارا سامان بھی پانی میں ڈوب گیا ہے جب کہ گھر کے مکین پانی کو نکالنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ایرانی صوبہ سیستان پاکستان کی سرحد سے متصل علاقہ ہے جہاں بلوچ آبادی کی اکثریت ہے۔
بشکریہ انڈیپنڈنٹ

