اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)سابق وزیرداخلہ اور پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما رحمان ملک نے کہا ہے کہ طالبان سے حکومت کے مذاکرات کی مخالفت کرتا ہوں کیوں کہ تحریک طالبان دہشتگرد تنظیم ہے اور اس نے ہمیں زخم دیئے ہیں۔
اسلام آباد میں سابق وزیراعظم بےنظیربھٹوسےمتعلق رحمان ملک کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ بینظیربھٹو دہشت گردوں کی ہٹ لسٹ پر تھیں اور اس کتاب میں منصوبہ سازوں،ہینڈلرز،سہولت کاروں کے پراسرارقتل کی تفصیل موجود ہے۔
انھوں نےامید ظاہرکی کہ بھٹوخاندان اور پی پی پی کے کارکنوں کوایک دن انصاف ملے گا۔سابق صدر آصف زرداری سے متعلق انھوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اب فعال ہوچکے ہیں اور لوگوں کو معلوم ہے کہ آصف زرداری کیسے کھیلتے ہیں،اس لئے حکومتی وزرا کی پریشانی دیکھنے والی ہے
رحمان ملک نے مزید کہا کہ حکومتی وزرا کی بوکھلاہٹ بتارہی ہے کہ دال میں کچھ کالا ہے۔سابق وزیراعظم نوازشریف سے متعلق انھوں نے کہا کہ نوازشریف کیوں آرہے ہیں اورکس کے کہنے پر آرہےہیں،یہ انہیں ہی پتہ ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ نوازشریف کے آنے کا کیا طریقہ ہے اور کیا ہوگا،یہ بھی دیکھتے ہیں۔

