کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پی ٹی وی بولان کے ذریعے ہزارگی زبان میں نشریات،پی ٹی وی بولان کے بجٹ میں فوری طور پر اضافہ کرنے کو یقینی بنانے کی الگ الگ قرار دادیں منظور کرلی گئیں، جمعرات کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے رکن اسمبلی قادر علی نائل نے اپنی قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قومی نشریاتی ادارے پی ٹی وی بولان کے ذریعے بلوچستان کی قومی زبانوں جن میں بلوچی، براہوی اور پشتو کے مختلف نوعیت کے پروگرام نشر کئے جارہے ہیں جو بلوچستان سے مقامی زبانوں کے فروغ اور ترویج کا انتہائی اہم مثبت اور موثر ذریعہ ثابت ہورہا ہے جبکہ بدقسمتی سے بلوچستان میں آباد ہزارہ قوم کی زبان ہزارگی کی قومی نشریاتی ادارے پی ٹی وی میں نمائندگی نہ ہونے اور سرکاری سرپرستی نہ ہونے کے باعث زبان معدوم ہونے کے خطرے سے دوچار ہے، ہزارہ قوم کے آرٹسٹ، ڈرامہ نگار، گلوکار، شعراء ادباء کی تخلیقات اور تخلیقی صلاحتیں صوبائی قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر نہیں ہو پارہی ہیں لہذا یہ ایوان صوبائی حکومت سے سفارش کرتا ہے کہ وہ وفاقی حکومت، وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات سے رجوع کرے کہ بلوچستان اور پاکستان میں بسے والی ہزارہ قوم کی زبان ہزارگی کو بھی پی ٹی وی بولان میں نمائندگی دے کر ہزارہ قوم کو اس کے زبان کے ساتھ ساتھ انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں۔ قرارداد کی موزونیت پر اظہار خیال کرتے ہوئے قادر علی نائل نے کہا کہ انسانی ورثے کے حوالے سے ایک اہم قرارد داد ہے کوئی بھی زبان صرف ابلاغ کا ذریعہ نہیں ہوتی بلکہ ہزاروں سال کا سفر طے کرکے زبانیں ہم تک پہنچتی ہیں پاکستان میں 72 کے قریب زبانیں بولی جاتی ہیں جن میں سے بہت سی زبانیں معدوم ہونے کے خدشہ سے دوچار ہیں، زبانوں کا تحظ ہم سب کی ذمہ داری ہے بلوچستان مختلف قوموں اور زبانوں کا خوبصورت گلدستہ ہے یہ زبانیں اقوام کی تاریخ سے وابستہ ہیں ان سے ہماری روایات جڑی ہوئی ہیں عالمی سطح پر ہر سال 21 فروری کو مادری زبانوں کا عالمی دن منایا جاتا ہے انہو ں نے کہا کہ ہزارگی مختلف ممالک میں آباد بیس ملین سے زیادہ لوگوں کی زبان ہے بلوچستان سمیت ملک میں ہزارگی بولنے والوں کی ایک بہت بڑی تعداد آباد ہے لیکن ہزارگی کو سرکاری سطح پر سرپرستی حاصل نہیں انہوں نے زور دیا کہ پی ٹی وی بولان سے ہزارگی زبان میں پروگرام شروع کرکے ہزارہ قوم کی خواہش پوری کی جائے، صوبائی وزیر سردار عبدالرحمٰن کھیتران نے قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ بہت سی زبانیں معدوم ہونے کے خطرے سے دوچار ہیں بلوچستان میں دیگر زبانوں کی طرح کھیترانی بھی ایک بہت بڑی آبادی کی زبان ہے انہوں نے تجویز دی کہ قرارداد میں ترمیم کرتے ہوئے کھیترانی زبان کو بھی شامل کیا جائے، پشتونخوامیپ کے رکن اسمبلی نصراللہ زیرے نے کہا کہ پوری دنیا میں معدوم ہونے کے خدشہ سے دوچار زبانوں کو بچانے کیلئے انہیں سرکاری زبان کا درجہ دینے کیساتھ دفتری زبان اور ذریعہ تعلیم بھی بنایا گیا ہے جبکہ ہمارے یہاں اس کے برعکس زبانوں کو ختم کیا جارہا ہے ہمسایہ ملک افغانستان میں بولی جانے والی تمام زبانوں کو قومی و سرکاری زبان کا درجہ حاصل ہے بلوچستان میں 1988 اور پھر 2013 میں برسراقتدار حکومتوں نے مادری زبانوں کو لازمی مضمون کے طور پر نصاب میں شامل کیا مگر بعد میں آنے والی حکومتوں نے ان پرکام روک دیا انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی بولان میں مقامی زبانوں کے پروگراموں کا دورانیہ اور فنڈز کم کردیئے گئے ہیں انہوں نے قرار داد کی حمایت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پی ٹی وی بولان کے فنڈز بحال اور ملازمین کی نوکریوں کا تحفظ کیا جائے۔ پارلیمانی سیکرٹری خلیل جارج نے قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ قومی نشریاتی اداروں میں تمام زبانوں کے پروگراموں کیلئے وقت مختص ہونا چاہیے پی ٹی وی بولان کے فنڈز میں کٹوتی نہ کی جائے اور ادارے کے ملازمین کے ملازمتوں کا تحفظ کیا جائے بعد ازاں ایوان نے قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ اجلاس مین بی این پی کے میر حمل کلمتی نے اپنی قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی وی بولان کی نشریات کے آغاز سے بلوچستان کی ثقافت زبان اور تہذیب و تمدن کی ترویج میں مدد ملی اور پی ٹی وی بولان کے ذریعے دنیا کو بلوچستان کے بارے میں اہم معلومات فراہم ہوئی پی ٹی وی بولان کے آغاز پر اس کا سالانہ بجٹ تقریباً 3 کروڑ روپے تھی جس سے بہترین ثقافتی سیاحتی پروگرام، ڈرامے اور موسیقی کے پروگرام نشر ہوتے تھے جو مقامی فنکاروں اور گلوکاروں کے روزگار کا بہترین ذریعہ تھا مگر کچھ عرصہ سے پی ٹی وی بولان کا سالانہ بجٹ صرف 58 لاکھ روپے کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے پی ٹی وی بولان شدید مالی بحران کی وجہ سے صرف پرانے ریکارڈ شدہ پروگرام نشر کررہا ہے اور نئے پروگرام نشر کرنے سے قاصر ہے جس کی وجہ سے بلوچستان جیسے بڑے صوبے کی ثقافت زبان اور موسیقی کی ترویج بھی رک گئی ہے، لہذا یہ ایوان صوبائی حکومت سے سفارش کرتا ہے کہ وہ وفاقی حکومت سے رجوع کرے کہ وہ پی ٹی وی بولان کے بجٹ میں فوری طور پر اضافہ کرنے کو یقینی بنائے تاکہ بلوچستان کی خوبصورت تصویر دنیا کو دکھاسکیں، قرارداد کی موزونیت اظہار خیال کرتے ہوئے حمل کلمتی نے کہا کہ پی ٹی وی بولان کا جب سے آغاز کیا گیا ہے تب سے ہماری تہذیب وثقافت پر مبنی پروگرام دیکھنے کو ملتے تھے مقامی زبانوں میں موسیقی سمیت دیگر نوعیت کے پروگرامز سے جہاں ہمارے لوگ محضوظ ہوتے تھے وہاں یہ ہمارے مقامی فنکاروں کی آمدنی کا بھی ایک ذریعہ تھا مگر پی ٹی وی بولان کا بجٹ جو صرف ساڑھے تین کروڑ روپے تھا اس سے بھی کچھ لوگوں کو پریشانی ہوئی جس کے بعد اس پر کٹوتی کرکے فنڈز صرف 58 لاکھ روپے کردیئے گئے جب ادارے کے پاس فنڈز نہیں ہوں گے تو پھر نئے پروگرام کیسے بنیں گے ہم سمجھتے ہیں کہ ساڑھے تین کروڑ روپے بھی انتہائی ناکافی تھے پی ٹی وی بولان کیلئے کم از کم 15 سے 18 کروڑ روپے مختص ہونے چاہیں دوسرے صوبوں میں پی ٹی وی کے فنڈز بہت زیادہ ہیں انہوں نے کہاکہ دوسری جانب پی ٹی وی کے ایسے ملازمین جن کی سروس بیس سے 25 سال ہے اب ایک نجی ادارے کے ذریعے ان کے ٹیسٹ لیے جارہے ہیں جو ناقابل قبول ہے انہوں نے صوبائی حکومت پر زور دیا کہ اخبارات سمیت دیگر میڈیا ہاؤسز کے اشتہارات کی مد میں بقایا جات کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔ جمعیت علماء اسلام کے شام لعل لاسی نے بھی قرار داد کی حمایت کی،صوبائی وزیر عبدالخالق ہزارہ نے قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے یہاں اسٹیج اور تھیٹر ختم ہونے کے بعد ہمارے فنکاروں کیلئے اپنے فن کے اظہار کیساتھ پی ٹی وی بولان آمدن کا واحد زریعہ ہے مگر اس کے فنڈز پر کٹوتی کے باعث یہ مواقع بھی ختم ہوکر رہ گئے ہیں صوبائی حکومت نے آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ قائم کیا ہے جس سے ہم آرٹسٹوں کی مالی امداد کررہے ہیں بعدازاں قرارداد متفقہ طور پر منطور کرلی گئی جس کے بعد اجلاس ہفتہ 23 نومبر سہ پہر تین بجے تک ملتوی کردیا گیا
بلوچستان اسمبلی اجلاس میں پی ٹی وی بولان کے ذریعے ہزارگی زبان میں نشریات،پی ٹی وی کے بجٹ میں اضافہ کی الگ الگ قراردادیں منظور

ٹیگز:
بلوچستان اسمبلی
