کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بلوچستان ایجوکیشن سپورٹ 2 پروگرام کا افتتاح کردیا۔ پانچ سالہ پروگرام کے دوران 4 ارب روپے کی لاگت سے صوبے میں تعلیمی معیار کی بہتری پر کام کیا جائے گا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں تعلیمی پسماندگی کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے۔ ماضی کی حکومتوں نے تعلیم کے شعبہ میں خاص توجہ نہیں دی جسکی وجہ سے صوبے میں تعلیمی پسماندگی میں اضافہ ہوا انہوں نے کہا کہ بلوچستان ایجوکیشن سپورٹ 2 پروگرام کی بھرپور معاونت کی جائے گی۔ تقریب سے صوبائی وزیر تعلیم نصیب اللہ مری، سیکرٹری سیکینڈری ایجوکیشن عبدلروف بلوچ، یونیسیف چیف ایجوکیشن ایلن وین کم تھاوٹ، یورپی یونین ہیڈ آف کوآپریشن اوویڈیو مک اور دیگر نے خطاب کیا۔ تقریب میں ایجوکیشن اسپیشلسٹ یونیسیف پلوشہ جلال زئی نے پروگرام کے حوالے سے تفصیلی بریفینگ بھی دی۔ انہوں نے بتایا کہ ایجوکیشن سپورٹ 2 پروگرام کے تحت صوبے کے 20 اضلاع میں اگلے پانچ سالوں میں مختلف اصلاحات کی جائیں گی۔ 3000 سکولوں کی ڈویلپمنٹ، ٹیچرز ٹریننگز اور سینکڑوں اے ایل پی سینٹرز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت تعلیم کے شعبہ میں منصوبہ بندی سمیت مانیٹرنگ کا عمل بھی جاری رکھا جائے گا۔تقریب میں محکمہ تعلیم کے سینیئر افسران، اساتذہ اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد موجود تھے۔
وزیراعلی بلوچستان نے بلوچستان ایجوکیشن سپورٹ 2 پروگرام کا افتتاح کردیا

ٹیگز:
وزیراعلی بلوچستان
