کوئٹہ(گرین گوادر نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میر چنگیز جمالی، جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ، سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بلوچستان کی ترقی کا خواب خواتین کی شمولیت اور فعالیت کے بغیر ادھورا ہے پیپلز پارٹی خواتین کو ترقی اور خوشحالی میں اہم جز تصور کرتی ہے پارٹی کے خواتین ونگ کی تنظیم نو اور فعالیت کے اقدامات اٹھائیں گے، یہ بات انہوں نے جمعرات کو پیپلز پارٹی بلوچستان کی خواتین ونگ کے عہدیداروں و رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں خواتین ونگ کی صدر غزالہ گولہ، سیکرٹری اطلاعات نوشین پطرس،سینئر نائب صدر کلثوم افتخار،نائب صدر پروین مینگل،ڈپٹی جنرل سیکرٹری شرین بی بی،ایونٹ اینڈ ریکارڈ سیکرٹری عابدہ بلوچ،رابطہ سیکرٹری حور شاہوانی،صدر کوئٹہ ڈویژن محمودہ نسرین، جنرل سیکرٹری خدیجہ زہری،سیکرٹری اطلاعات ساجدہ بنگلزئی،اطلاعات سیکرٹری ضلع کوئٹہ مریم راجپوت، خواتین ونگ کی رہنماؤں سکینہ عبداللہ خان،آمنہ کھوسہ،کرن بلوچ ودیگر نے شرکت کی۔ صوبائی صدر، صوبائی جنرل سیکرٹری اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات نے خواتین ونگ کے رہنماؤں و عہدیداروں سے خواتین ونگ کی تنظیم نو اور صوبے بھر میں خواتین کی فعالیت پر اہم مشاورت کی اور تجاویز لیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ خواتین کی اہمیت کو جانچتے ہوئے انہیں بااختیار بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے ہیں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے آج تک خواتین مستفید ہورہی ہیں پارٹی کا یہ نظریہ ہے کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر ترقی کا خواب ادھوراہے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جیالی خواتین گھر گھر پارٹی پیغام کو عام کرنے میں اپنا کردار ادا کریں موجودہ حکومت نے خواتین کو بااختیاربنانے کی بجائے مزید
کمزور کیا ہے پیپلز پارٹی بر سراقتدار آکر خواتین کو بااختیار بنائے گی انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بلوچستان کا خواتین ونگ بھر پور انداز میں فعال بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے خواتین زور و شور سے پارٹی پیغام کا پرچار کریں تاکہ پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچانے میں مدد مل سکے۔اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ملک زیشان حسین، میڈیا کوآرڈینیٹر حیات خان اچکزئی اور قاسم خان اچکزئی بھی موجود تھے
پاکستان اوربلوچستان کی ترقی کا خواب خواتین کی شمولیت اور فعالیت کے بغیر ادھورا ہے، میر چنگیز جمالی

ٹیگز:
میر چنگیز جمالی
