کوئٹہ(گرین گوادر نیوز) گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے کہ زراعت کے شعبے میں میں قطراتی نظام متعارف کرانے اور کاشتکاروں کے استعداد کار میں اضافہ کرنے سے نہ صرف زراعت کو فروغ ملے گا بلکہ اس سے مجموعی طور پر قومی پیداوار میں میں بھی اضافہ ہوگا بلوچستان میں زیادہ تر لوگوں کے روزگار کا انحصار زراعت اور لائیو سٹاک پر ہے لہٰذا ضروری ہے کہ زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے. ان خیالات کا اظہار انہوں جمعرات کے روز گورنر ہاؤس کوئٹہ میں اقوام متحدہ کے ادارے برائے خوراک و زراعت (ایف اے او) کی پاکستان میں نمائندہ (Ms Florence Rolle) سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ صوبے میں کولڈ اسٹوریج کے فقدان کے باعث کسان اور زمینداران کئی مشکلات سے دوچار ہیں. زراعت کو فروغ دینے اور نوجوانوں کو جدید مہارتیں سکھانے سے بیروزگاری پر بآسانی قابو پایا جاسکتا ہے. گورنر بلوچستان نے کہا کہ گلوبل وارمنگ جیسے عالمی چیلنج سے نبرد آزما ہونے، صوبے میں زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور افرادی قوت کے استعداد کار بڑھانے کیلئے ہمیں عالمی اداروں کی مالی معاونت اور رہنمائی ہی مددگار ہوسکتے ہیں۔
صوبے میں کولڈ اسٹوریج کے فقدان کے باعث کسان اور زمینداران کئی مشکلات سے دوچار ہیں، سید ظہورآغا

ٹیگز:
سید ظہورآغا
