تربت (ڈیلی گرین گوادر)،جامعہ تربت کے ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرز کے گرین یوتھ موومنٹ (جی وائی ایم) کلب کے زیر اہتمام یونیورسٹی کے ویڈیو کانفرنس روم میں ٹریننگ ایڈولسینٹس اینڈ یوتھ فار ایکشن اینڈ ریزیلینس (TAYAR) کے عنوان سے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ گرین یوتھ موومنٹ کلب کے فوکل پرسن جیئند بلوچ نے مختلف سیشنز کہ صدارت کی۔ آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین سدو احمد علی، زکیہ واحد اور منظور نے ورکشاپ کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔ اس ورکشاپ میں جامعہ تربت کے مختلف تعلیمی شعبہ جات کے پچاس طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ ورکشاپ کے ریسورس پرسن اور گرین یوتھ موومنٹ کلب کے نائب کپتان فہد شبیر نے شرکاء کو آفات کے خطرات میں کمی کے بنیادی اصولوں، خطرات کی نوعیت، ان کے منفی اثرات اور مزاحمتی صلاحیت میں اضافے کے طریقوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے مکران کی ساحلی پٹی کو درپیش ہیٹ ویوو،
ناگہانی سیلابی صورتحال، قحط سالی، زلزلے کے خطرات، گرد آلود طوفان اور آتشزدگی کے واقعات جیسے چیلنجز سے نمٹنے کی عملی تدابیر پر روشنی ڈالی۔ ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء کی جانب سے فیڈ بیک لیا گیا اور تمام پچاس تربیت یافتہ طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں اور انہیں نیشنل والنٹیر کور (NVC) میں باقاعدہ رجسٹرڈ کیا گیا۔ ترجمان جامعہ تربت کے مطابق، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرز اور گرین یوتھ موومنٹ کلب سمیت تمام اسٹوڈنٹ سوسائٹیز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسٹوڈنٹ سوسائٹیز نصابی سرگرمیوں اور سماجی ذمہ داریوں کے درمیان ایک اہم پل کی حیثیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ میں قیادت اور فلاحی جذبے کو اجاگر کرنے کے لیے یونیورسٹی تمام اسٹوڈنٹ کلبز اینڈ سوسائٹیز کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
جامعہ تربت میں طلبہ کو قدرتی آفات سے نمٹنے کی تربیت، نیشنل والنٹیر کور کی رجسٹریشن مہم بھی شروع

ٹیگز:
جامعہ تربت
