کراچی(ڈیلی گرین گوادر) سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا ہے کہ عائشہ منور جیسی باصلاحیت، باوقار، بلند حوصلہ اور تاریخ ساز شخصیات صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی تحریکِ اسلامی کے مشن، خواتین کی فکری و عملی تربیت اور معاشرے میں مثبت تبدیلی کے لیے وقف کیے رکھی۔ نامساعد حالات، مشکلات اور چیلنجز بھی ان کے عزم و استقامت کو متزلزل نہ کرسکے۔ وہ تنظیمی قوت پر غیر معمولی اعتماد رکھتی تھیں اور یقین رکھتی تھیں کہ مضبوط تنظیم ہر مشکل کا حل نکال سکتی ہے۔
عائشہ منور صاحبہ نے بچوں، خواتین، دیہی و شہری آبادی سمیت معاشرے کے مختلف طبقات میں کام کیا اور اپنی سیاسی بصیرت، معاملہ فہمی اور لوگوں کو ساتھ لے کر چلنے کی صلاحیت سے تحریک کو مضبوط بنیادیں فراہم کیں۔ ان کا منفرد وصف یہ تھا کہ وہ خود نمایاں ہونے کے بجائے دوسروں کو آگے بڑھنے کے مواقع دیتی تھیں، کارکنان کی صلاحیتوں کو پہچان کر انہیں نکھارتی اور مستقبل کی قیادت کے لیے تیار کرتی تھیں۔ ان سے میں نے ممبر سازی، تنظیمی استقامت اور افراد کو جوڑ کر رکھنے کا ہنر سیکھا۔ ان سے میرا تعلق محض تنظیمی نہیں بلکہ ایک مربی، محسن اور رہنما کا تعلق تھا۔ انہوں نے اسمبلی میں خواتین کے حقوق کے لیے بھرپور آواز بلند کی اور قرآن مجید کے ترجمے اور دینی لٹریچر کی اشاعت و ترویج کو اپنی زندگی کا مستقل مشن بنائے رکھا۔ ان کی جدوجہد اور خدمات تحریکِ اسلامی کی تاریخ کا ایسا روشن باب ہیں جو ہمیشہ آنے والی نسلوں کی رہنمائی کرتا رہے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان عائشہ منور کی زندگی، جدوجہد اور خدمات پر مرتب کردہ کتاب ’’جاوداں پیہم دواں‘‘ کی تقریبِ رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈپٹی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے اپنے تاثرات میں کہا کہ عائشہ منور صاحبہ کے ساتھ میرا تعلق محبت، اعتماد اور رہنمائی کا ایسا رشتہ تھا جو زندگی بھر میرے لیے سرمایہ رہے گا۔ میں خود کو ان کے چھوڑے ہوئے صدقۂ جاریہ کا ایک حصہ سمجھتی ہوں۔ تحریکِ اسلامی کی تاریخ ان کی جدوجہد، عزم و استقلال اور انسان سازی کے عظیم کام کے ذکر کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے صرف ایک تنظیم کو مضبوط نہیں کیا بلکہ ایسے افراد تیار کیے جن کے کردار، صلاحیتوں اور زندگیوں میں ان کی تربیت کی جھلک نمایاں ہے۔ خدمت، ایثار اور انسانیت کا جذبہ ان کی شخصیت کا بنیادی وصف تھا۔ وہ ہر فرد کی صلاحیت پہچانتی تھیں، اسی کے مطابق ذمہ داری دیتیں اور اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنے کا حوصلہ پیدا کرتی تھیں۔ ان کی گفتگو میں خلوص اور دل کی سچائی ہوتی تھی، یہی وجہ تھی کہ ان کی بات دلوں میں اتر جاتی تھی۔ عائشہ باجی نے محض کارکنان نہیں بلکہ ایک ایسی نسل تیار کی جو ان کے مشن، فکر اور جدوجہد کو آگے بڑھانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
سابق سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر کوثر فردوس نے کہا کہ عائشہ منور صاحبہ کی شخصیت تحریکِ اسلامی کی تاریخ کا ایک تابندہ باب ہے۔ ان کی زندگی اخلاص، ایثار، استقامت اور مقصد سے غیر معمولی وابستگی کی عملی تصویر تھی۔ انہوں نے اپنی صلاحیتیں، وقت اور زندگی کے بہترین لمحات تحریک کی فکری و تنظیمی ترقی کے لیے وقف کیے۔ ان کی جدوجہد یہ سبق دیتی ہے کہ تحریکیں محض وقتی سرگرمیوں سے نہیں بلکہ مضبوط نظریے، مسلسل محنت اور مخلص کارکنان کی تربیت سے آگے بڑھتی ہیں۔ عائشہ منور صاحبہ کی زندگی نئی نسل کے لیے حوصلے، رہنمائی اور عمل کا قیمتی سرمایہ ہے۔ کتاب ’’جاوداں پیہم دواں‘‘ ان کی خدمات کو محفوظ کرنے کے ساتھ ان کے مشن اور فکر کو آنے والی نسلوں تک منتقل کرنے کا مؤثر ذریعہ ثابت ہوگی۔
کتاب کی تیاری کے لیے قائم کمیٹی کی نگران روبینہ فرید نے کہا کہ بعض شخصیات اپنے عہد میں کام کرتی ہیں جبکہ کچھ آنے والے زمانوں کے لیے راستے ہموار کرتی ہیں۔ عائشہ منور صاحبہ کا شمار انہی تاریخ ساز شخصیات میں ہوتا ہے جنہوں نے مستقبل کی نسلوں کے لیے فکری اور تنظیمی بنیادیں استوار کیں۔ تاریخِ جماعت اسلامی محض واقعات کا مجموعہ نہیں بلکہ ہمارے فکری ورثے، تجربات اور اسلاف کی جدوجہد کی امانت ہے۔ تاریخ محفوظ کرنے کا مقصد صرف ماضی کی کامیابیوں کو یاد کرنا نہیں بلکہ اس عزم، استقامت اور جدوجہد کو نئی نسل تک منتقل کرنا بھی ہے۔ ’’جاوداں پیہم دواں‘‘ کے ذریعے عائشہ منور صاحبہ کی ہمہ جہت شخصیت اور تاریخی خدمات کو محفوظ کرنے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ نئی نسل اپنے اسلاف کی جدوجہد سے آگاہ ہو اور اسی جذبے کے ساتھ تحریک کے مشن کو آگے بڑھائے۔ یہ کتاب کارکنان کے لیے اپنے ماضی سے جڑنے اور مستقبل کی سمت متعین کرنے کا اہم حوالہ ہے۔
تقریب میں عائشہ منور کی زندگی، خدمات اور تحریکِ اسلامی کے لیے ان کی جدوجہد پر مبنی ڈاکیومنٹری بھی دکھائی گئی۔ ڈپٹی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان عائشہ سید نے کہا کہ ایسی عظیم شخصیات کی زندگی اور جدوجہد کو محفوظ کرنا دراصل تحریک کے فکری ورثے کی حفاظت اور آئندہ نسلوں کی تربیت میں سرمایہ کاری ہے۔ اس موقع پر ناظمہ صوبہ سندھ رخشندہ منیب نے بھی خطاب کیا۔

