کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)یونیورسٹی آف بلوچستان کی انتظامیہ اس امر کی وضاحت ضروری سمجھتی ہے کہ پنشنرز کے بقایہ جات کی ادائیگی کے لیے حکومتِ بلوچستان کی جانب سے فراہم کردہ رقم امداد نہیں بلکہ قرض ہے۔ یہ رقم یونیورسٹی انتظامیہ کی انتھک کوششوں، مسلسل پیروی اور مؤثر نمائندگی کے نتیجے میں حاصل ہوئی ہے۔
یونیورسٹی انتظامیہ اس موقع پر واضح کرتی ہے کہ چند مفاد پرست عناصر جو صرف 4 سے 5 افراد پر مشتمل ہے اس حساس معاملے کو بلا جواز منفی سیاسی رنگ دے کر احتجاج کی فضا پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جس کا پنشنرز کے حقیقی مسائل سے کوئی تعلق نہیں۔ ریٹائرڈ افراد نہ ہی ان کے کسی گروپ کے ممبرز ہیں نہ ہی وہ ان کو چندہ دیتے ہیں۔ انتظامیہ ایسے منفی عناصر کو متنبہ کرتی ہے کہ وہ اپنی منفی سرگرمیوں سے باز رہیں، بصورتِ دیگر ان کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
پنشنرز کو واجبات کی مکمل ادائیگی کا جامع پلان یونیورسٹی انتظامیہ نے پہلے ہی مرتب کر لیا ہے۔ انشاء اللہ آئندہ چند روز میں تمام پنشنرز کو ان کے بقایہ جات ادا کر دیے جائیں گے۔ادائیگی میں ہونے والی جزوی تاخیر کی وجہ یہ ہے کہ بعض پنشنرز گزشتہ کئی برسوں سے یونیورسٹی کالونی کے رہائشی مکانات میں مقیم ہیں۔ قواعد و ضوابط کے مطابق واجبات کی کلیئرنس اور مکانات کی حوالگی کے بعد ہی ادائیگی کا عمل مکمل کیا جا سکتا ہے، جس میں قدرے وقت درکار ہے۔
تاہم جن پنشنرز کے ذمے کوئی واجبات نہیں اور نہ ہی کوئی سرکاری مکان ان کے زیرِ قبضہ ہے، ان کو بقایہ جات کی ادائیگی شروع کر دی گئی ہے۔ آج کی تاریخ تک 114 ٹریڈ ملازمین میں سے 48 پنشنرز کو ان کے واجبات ادا کیے جا چکے ہیں، جبکہ باقی ماندہ پنشنرز کے چیکس تیار ہیں۔ متعلقہ پنشنرز پینشن سیکشن سے اپنی تاریخ معلوم کر کے اپنا چیک وصول کر سکتے ہیں۔یونیورسٹی انتظامیہ اپنے تمام اساتذہ، ملازمین اور پنشنرز سے توقع رکھتی ہے کہ وہ اپنے مسائل کے حل کے لیے براہِ راست انتظامیہ سے رجوع کریں۔ موجودہ انتظامیہ ان کے تمام جائز مسائل کے حل کے لیے دن رات کوشاں ہے۔
الحمدللہ گزشتہ تین برسوں کے دوران یونیورسٹی نے تنخواہوں کی بروقت ادائیگی، پنشن کے دیرینہ مسائل کے حل، تحقیق میں بین الاقوامی رینکنگ کے حصول اور مالیاتی نظم و ضبط میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ آج یونیورسٹی بلاتعطل فعال ہے اور تعلیمی و تحقیقی سرگرمیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔ یہ چار سے پانچ افراد کا ٹولہ چاہتا ہے کہ یونیورسٹی ماضی کی طرح بند رہے اور وہ گھر بیٹھ کر تنخواہ لیں۔ ایسے نہیں ہوگا۔انتظامیہ کو امید ہے کہ تمام ملازمین یونیورسٹی کی ترقی کے اس سفر میں انتظامیہ کا ساتھ دیں گے۔ یہ آپ کی اپنی انتظامیہ ہے، آئیے مل کر اس مادرِ علمی کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں۔

