کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کوئٹہ میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے تاہم بلوچستان واحد صوبہ ہے جہاں صحافت کو بھی نہیں بخشا جا رہا اور اگر صحافت کا گلا گھونٹا گیا تو ہماری آواز عوام تک کون پہنچائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے صحافیوں نے انتہائی نامساعد حالات میں اپنی زندگی ہتھیلی پر رکھ کر ڈیوٹیاں سرانجام دیں اور صوبے کے مسائل کو اجاگر کیا، لیکن آج انہی صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔ انجینئر زمرک خان اچکزئی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ چینل مالکان بلوچستان سے پیسہ کمائیں مگر ورکرز کا معاشی قتل نہ کریں۔دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر زمرک خان اچکزئی نے مزید کہا کہ بلوچستان کے حقوق کی بات کرنے پر ہمیں خاموش کرنے کی کوشش کی جاتی ہے اور جب بھی ہم صوبے کے ساحل و وسائل کی بات کرتے ہیں تو ہمیں کبھی اجاگر نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عوامی اور صحافتی مسائل کے حل کے لیے بلوچستان اسمبلی میں قراردادیں پیش کیں لیکن افسوس ہمارے ملک میں کسی قرارداد کو اہمیت نہیں دی جاتی۔ پارلیمانی لیڈر نے احتجاجی صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو مکمل یکجہتی اور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وہ پارلیمنٹ میں بھی میڈیا کے لیے بھرپور آواز اٹھائیں گے اور صحافی برادری کی اس جائز آواز کو وفاق تک لے جائیں گے۔
اگر صحافت کا گلا گھونٹا گیا تو ہماری آواز عوام تک کون پہنچائے گا، زمرک خان اچکزئی

ٹیگز:
زمرک خان اچکزئی
