کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ماہرینِ فلکیات نے پیشگوئی کی ہے کہ سال 2026 میں مقدس مہینہ رمضان المبارک 19 فروری بروز جمعرات سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ اس حساب سے رمضان کے آغاز میں اب صرف 139 دن باقی ہیں۔ یہ پیشگوئی ابتدائی فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر اماراتی فلکیاتی سوسائٹی نے جاری کی ہے۔اماراتی فلکیاتی سوسائٹی کے چیئرمین ابراہیم الجروان کے مطابق رمضان کا نیا چاند منگل 17 فروری 2026 کو شام 4 بج کر 1 منٹ پر پیدا ہوگا، تاہم اس دن سورج غروب ہونے کے صرف ایک منٹ بعد چاند غروب ہوجائے گا، جس کے باعث چاند کی رویت ممکن نہیں ہوگی۔ اسی وجہ سے پہلا روزہ جمعرات 19 فروری کو ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، البتہ حتمی اعلان چاند دیکھنے والی سرکاری کمیٹی کرے گی۔ابراہیم الجروان کے مطابق ابو ظہبی میں رمضان کے آغاز پر روزے کا دورانیہ تقریبا 12 گھنٹے 46 منٹ ہوگا، جو مہینے کے آخر تک بڑھ کر 13 گھنٹے 25 منٹ تک پہنچ جائے گا۔ دن کی روشنی کے اوقات بھی 11 گھنٹے 32 منٹ سے بڑھ کر 12 گھنٹے 12 منٹ تک ہو جائیں گے۔ماہرین کے مطابق رمضان کے آغاز میں درجہ حرارت 16 سے 28 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا، جبکہ مہینے کے آخر میں موسمِ بہار کی آمد کے ساتھ درجہ حرارت 19 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
رمضان المبارک 2026 کا آغاز 19 فروری سے متوقع، ماہرینِ فلکیات کی پیشگوئی

ٹیگز:
رمضان المبارک
