تربت(ڈیلی گرین گوادر) انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہا ہے کہ ضلع کیچ میں امن و امان کی بحالی پولیس کی اولین ترجیح ہے، دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں نمٹا جائے گا، جبکہ ضلع میں پولیس کی استعداد کار بڑھانے اور اہلکاروں کو مزید سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تربت شہر میں ٹریفک کے مسائل کے حل کے لیے جلد مؤثر اقدامات کیے جائیں گے اور شہریوں میں ٹریفک قوانین سے متعلق شعور و آگاہی اجاگر کرنے کے لیے خصوصی مہم بھی شروع کی جائے گی۔ پولیس افسران شہریوں کے ساتھ بہتر رویہ اور خوش اخلاقی اختیار کریں، عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں، جبکہ کسی بھی شہری کی شکایت کے ازالے کے لیے پولیس کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کیچ کے دورے کے موقع پر ایس پی آفس تربت میں پولیس افسران اور اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔دورے کے موقع پر ایس پی آفس تربت آمد پر ضلع کیچ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہدائے پولیس کو سلامی پیش کرتے ہوئے ان کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، مغفرت اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔بعد ازاں آئی جی پولیس بلوچستان کی زیر صدارت کرائم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی آئی جی سی ٹی ڈی بلوچستان اعتزاز احمد گورایا، ڈی آئی جی مکران شاد ابنِ مسیح، ایس ایس پی گوادر عطاء الرحمٰن، ایس پی کیچ کیپٹن (ر) زوہیب محسن، ایس پی پنجگور ایاز خان سمیت دیگر متعلقہ پولیس افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع کیچ اور مکران ڈویڑن میں امن و امان کی مجموعی صورت حال، جرائم کی روک تھام، پولیس کی کارکردگی، سکیورٹی انتظامات اور درپیش چیلنجز سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر پولیس افسران نے آئی جی پولیس بلوچستان کو اپنے متعلقہ علاقوں اور یونٹس کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔کرائم اجلاس کے بعد آئی جی پولیس بلوچستان نے تربت پولیس اسٹیشن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تھانے میں جاری اور مکمل ہونے والے نئے تعمیراتی و مرمتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف کمروں، دفاتر اور پولیس اسٹیشن میں دستیاب دیگر سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔بعد ازاں ڈی آئی جی کمپلیکس میں ضلع کیچ کے تمام پولیس یونٹس کے افسران اور اہلکاروں کے ساتھ تعارفی و انٹرایکشن اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف پولیس یونٹس سے تعلق رکھنے والے افسران اور اہلکاروں نے اپنا تعارف کرایا اور آئی جی پولیس بلوچستان کے ساتھ پولیسنگ، انتظامی امور، امن و امان اور عوامی مسائل سے متعلق مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے پولیس افسران اور اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کیچ میں امن و امان کا قیام اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے پولیس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا، اس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا اور اہلکاروں کو ضروری سہولیات فراہم کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی اور جرائم کے خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور قانون کی عمل داری یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پولیس کو عوام دوست ادارہ بنانے کے لیے افسران اور اہلکار شہریوں کے ساتھ عزت، احترام اور خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔ عوام کی شکایات کو سنجیدگی سے سنا جائے اور ان کے مسائل کے حل میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے۔ پولیس کی اصل کامیابی عوام کے اعتماد کے حصول اور انہیں تحفظ کا احساس دلانے میں ہے۔آئی جی پولیس بلوچستان نے مزید کہا کہ تربت شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے جلد اقدامات کیے جائیں گے۔ ٹریفک کی روانی بہتر بنانے، شہریوں کو ٹریفک قوانین کی پابندی کا شعور دینے اور حادثات کی روک تھام کے لیے آگاہی مہم چلائی جائے گی تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کم کی جاسکیں۔انہوں نے ضلع کیچ کے شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ان کی خدمت اور تحفظ کے لیے موجود ہے، عوام اپنے کسی بھی مسئلے، شکایت یا پریشانی کے سلسلے میں بلا جھجک پولیس سے رجوع کریں۔ پولیس کے دروازے ہر شہری کے لیے کھلے ہیں اور شہری اپنی شکایات متعلقہ قابل اور ذمہ دار پولیس افسران تک پہنچائیں تاکہ ان کا بروقت اور میرٹ پر ازالہ کیا جاسکے۔آئی جی پولیس بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد اور تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور ضلع کیچ میں امن و امان کی بہتری، جرائم کے خاتمے اور شہریوں کو بہتر پولیس خدمات کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
کیچ میں امن و امان کی بحالی پولیس کی اولین ترجیح ہے،محمد طاہر

ٹیگز:
محمد طاہر
