کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ سے مربوط لوڑ کاریز غوث آباد کی نو منتخب علاقائی ایگزیکٹو کا اجلاس علاقائی سیکرٹری حاجی نقیب اللہ مہربان کی صدارت میں ڈاکٹر طاہر شہاب کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے، ضلعی معاون سیکرٹری گل شاہین وردگ اور علاقائی ایگزیکٹو کے دیگر ارکان نے شرکت کی۔اجلاس میں غوث آباد لوڑ کاریز کے کامیاب علاقائی کانفرنس کے انعقاد پر نو منتخب علاقائی ایگزیکٹو کو مبارک باد پیش کی گئی۔ اس موقع پر تنظیمی امور، آئندہ کی سیاسی و تنظیمی سرگرمیوں اور پارٹی کو مزید فعال و منظم بنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پارٹی کے قومی، سیاسی اور نظریاتی پروگرام کو عوام تک پہنچانے، عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور قومی حقوق کے حصول کی جدوجہد کو منظم انداز میں آگے بڑھانے کے لیے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔ نو منتخب ایگزیکٹو ارکان کو ان کی تنظیمی ذمہ داریوں اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے رہنمائی بھی فراہم کی گئی۔اسی طرح پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ سے مربوط تختانی بائی پاس سوئم کی نو منتخب علاقائی ایگزیکٹو کا اجلاس نو منتخب علاقائی سینئر معاون سیکرٹری ولی توخی کی صدارت میں تیمور شاہ کاکڑ کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا، جس میں صوبائی آفس سیکرٹری ندا سنگر، ضلعی معاون سیکرٹریز محمد رسول ترین، امین اللہ کاکڑ اور علاقائی ایگزیکٹو کے دیگر ارکان نے شرکت کی۔اجلاس میں تنظیمی امور، آئندہ کی سیاسی و تنظیمی سرگرمیوں اور علاقے میں پارٹی کو مزید فعال و مضبوط بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اس امر پر زور دیا گیا کہ پارٹی کے کارکن اور تنظیمی ادارے اپنی ذمہ داریاں قومی، جمہوری اور ترقی پسند سیاسی اصولوں کے مطابق ادا کریں اور عوام کو درپیش مسائل کے حل، بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ اور پشتون قومی حقوق کے حصول کی جدوجہد میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔اسی سلسلے میں پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی بڑیچ آباد ابتدائی یونٹ کا اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے، علاقائی معاون سیکرٹری محمد اسد بڑیچ، بشیر خان بڑیچ، یونٹ سیکرٹری گل خان اور سینئر معاون شیر زمان نے شرکت کی۔اجلاس میں پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور علاقے میں پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مزید مستحکم کرنے، کارکنوں کو منظم و متحرک بنانے اور عوامی رابطوں کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر پارٹی کے سیاسی مؤقف کو واضح کرتے ہوئے کہا گیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی پشتون قومی وحدت، قومی خودمختاری، جمہوریت، پارلیمان کی بالادستی، آئین کی حکمرانی، قانون کی بالادستی، سماجی انصاف اور عوام کے بنیادی انسانی و جمہوری حقوق کی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔ پارٹی سمجھتی ہے کہ ملک میں حقیقی جمہوریت، پائیدار امن اور سیاسی استحکام کے قیام کے لیے تمام قوموں کے قومی، سیاسی، معاشی، ثقافتی اور مادری زبان کے حقوق تسلیم کرنا اور انہیں اپنے وسائل پر اختیار دینا ناگزیر ہے۔اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی عوام کے حقیقی مسائل کی نمائندگی کرتے ہوئے تعلیم، صحت، روزگار، امن و امان اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے اپنی سیاسی و جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔ پارٹی کے کارکنوں پر زور دیا گیا کہ وہ عوام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں، ان کے مسائل کو متعلقہ اداروں تک پہنچائیں اور قومی و عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے منظم جدوجہد کریں۔بڑیچ آباد کے اجلاس میں علاقے کی بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتِ حال اور چوری کی وارداتوں میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ شرکاء نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ریاستی اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے، لہٰذا پولیس اور متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ علاقے میں چوری اور دیگر جرائم کی روک تھام، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے فوری، سنجیدہ اور عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے اور علاقے میں امن و سکون کی فضا بحال ہو۔پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ عوامی مسائل کے حل، پشتون قومی حقوق کے حصول، جمہوری اقدار کے فروغ اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی آئینی، سیاسی اور جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔
پارٹی کے کارکن اور تنظیمی ادارے اپنی ذمہ داریاں قومی، جمہوری اور ترقی پسند سیاسی اصولوں کے مطابق ادا کریں،نصراللہ خان زیرے

ٹیگز:
نصراللہ خان زیرے
