کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے نے کہا ہے کہ پارٹی کے دفاتر عوامی مسائل اور مشکلات کے حل کے ساتھ ساتھ پارٹی کی نظریاتی، سیاسی اور تنظیمی تربیت کے اہم مراکز ہیں۔ پارٹی دفاتر میں عوامی مسائل کے حل، سیاسی علم و شعور کے فروغ، تنظیمی سرگرمیوں کو مضبوط بنانے اور پارٹی کارکنوں کی نظریاتی تربیت پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار غبرگ کے علاقے میں گاؤں مہراب زئی کے مقام پر پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کی غبرگ علاقائی یونٹ کے دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز ندا سنگر اور سلیمان خان بازی، علاقائی سیکرٹری عبداللہ خان بازی اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز علی محمد ترین، فیاض صاحب، باز پشتون، ضلعی ڈپٹی سیکرٹریز ملک فرید خان، عبدالوھاب بازی، سید عبداللہ آغا، مرکزی کمیٹی کے رکن حاجی عصمت اللہ بازی، صوبائی کمیٹی کے اراکین فضل الرحمان الکوزی، فرید کمال، ملک شفیق خان، ملک ولی سیگی، یحییٰ خان بازی اور محبت خان بازی سمیت پارٹی کے دیگر رہنما، کارکنان اور علاقے کے عمائدین بھی موجود تھے۔مقررین نے غبرگ کے علاقے میں عوام کو درپیش مسائل، بالخصوص گاؤں غیبزئی اور عبدلزئی کے راستوں کو سکیورٹی اداروں کی جانب سے بند کرنے اور رات کے وقت غبرگ کے مختلف دیہات میں ڈرون کیمروں کے ذریعے نگرانی کرنے کے عمل پر شدید تنقید اور مذمت کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ غیبزئی اور عبدلزئی کے راستے عوام کی آمدورفت کے لیے فوری طور پر کھولے جائیں اور ڈرون کیمروں کے ذریعے نگرانی کا سلسلہ بند کیا جائے، کیونکہ ایسے اقدامات سے علاقے کے عوام میں تشویش اور بے اعتمادی بڑھتی ہے اور ان کی روزمرہ زندگی متاثر ہوتی ہے۔مقررین نے کہا کہ گزشتہ دنوں پیش آنے والا واقعہ بھی ایک منظم سازش کا حصہ دکھائی دیتا ہے، جس کا مقصد علاقے میں مصنوعی طور پر دہشت گردی، خوف و ہراس اور بدامنی کی فضا پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے ایسے اقدامات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو خوف زدہ کرنے کے بجائے ان کی جان، مال، عزت اور بنیادی حقوق کے تحفظ پر توجہ دی جانی چاہیے۔ علاقے کے عوام کو بلاجواز پابندیوں اور مشکلات سے دوچار کرنا کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی اپنے قومی، جمہوری اور سیاسی اصولوں کے مطابق عوام کے بنیادی حقوق، امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ پارٹی کے نزدیک عوامی مسائل کے حل کے لیے لوگوں کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھنا، ان کی مشکلات سے آگاہ رہنا اور ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کرنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔مقررین نے مزید کہا کہ پارٹی کے منشور اور آئین کی روشنی میں پارٹی دفاتر کو عوامی خدمت، سیاسی شعور کی بیداری، نظریاتی تربیت، مطالعاتی حلقوں اور تنظیمی سرگرمیوں کے مؤثر مراکز میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ جن اضلاع اور علاقوں میں پارٹی سیکرٹریٹ اور دفاتر فعال ہوتے ہیں، وہاں تنظیمی سرگرمیاں منظم ہوتی ہیں، کارکن متحرک رہتے ہیں اور عوام کے ساتھ روابط مضبوط ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارٹی دفاتر محض اجلاسوں اور تنظیمی امور کے لیے قائم عمارتیں نہیں، بلکہ قومی و سیاسی شعور، نظریاتی رہنمائی، جمہوری جدوجہد اور عوامی خدمت کے اہم مراکز ہیں۔ ان دفاتر میں عوامی مسائل سننے اور ان کے حل کے ساتھ ساتھ پارٹی کارکنوں کی سیاسی و نظریاتی تربیت، مطالعاتی حلقوں اور دیگر تعمیری سرگرمیوں کا بھی باقاعدگی سے اہتمام ہونا چاہیے، تاکہ پارٹی کارکن اپنے قومی، سیاسی اور جمہوری فرائض بہتر انداز میں ادا کر سکیں۔پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی اپنے تنظیمی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے، عوام کے ساتھ روابط مستحکم کرنے اور پشتونخوا وطن کے عوام کے سیاسی، سماجی اور معاشی مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ پارٹی کے منشور اور آئین کے مطابق عوامی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں اور پارٹی دفاتر کو عوامی رابطوں اور سیاسی و نظریاتی تربیت کے فعال مراکز میں تبدیل کریں۔
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے دفاتر عوامی مسائل کے حل اور نظریاتی تربیت کے اہم مراکز ہیں، نصراللہ خان زیرے

ٹیگز:
نصراللہ خان زیرے
