کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پشتون کلچر ڈے کے موقع پر پشتون برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پشتون ثقافت بلوچستان کی تہذیبی شناخت کا اہم اور خوبصورت حصہ ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ پشتون ثقافت مہمان نوازی، رواداری، بہادری، بھائی چارے اور انسان دوستی جیسی اعلیٰ روایات سے مالا مال ہے۔ بلوچستان مختلف اقوام، زبانوں اور ثقافتوں کا حسین امتزاج ہے اور یہی تنوع صوبے کی اصل خوبصورتی اور طاقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پشتون برادری نے بلوچستان کی سماجی، ادبی، سیاسی اور معاشی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ثقافتی ورثے کا تحفظ نئی نسل کو اپنی تاریخ، اقدار اور شناخت سے جوڑنے کا اہم ذریعہ ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام ثقافتوں، زبانوں اور روایات کا احترام اور ان کا فروغ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ پشتون کلچر ڈے امن، بھائی چارے، باہمی احترام اور رواداری کے فروغ کا پیغام دیتا ہے۔

