کوئٹہ:بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے ہیڈکوارٹر میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بی ایف اے حاجی نور محمد دمڑ اور ڈائریکٹر جنرل وقار خورشید عالم نے کہا کہ محفوظ خوراک، صحت مند بلوچستان صرف ایک حکومتی مہم نہیں بلکہ مسلسل، مربوط اور نتیجہ خیز مشن ہے، جس کا مقصد عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی اور صحت مند بلوچستان کا قیام ہے۔پریس کانفرنس میں 2025 کی کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا گیا کہ بی ایف اے نے 15,956 مراکز خوراک کا معائنہ کیا، جن میں سے 66 مراکز اور کارخانوں کو سیل جبکہ متعدد کو جرمانے کیے گئے۔ 5,589 مراکز مالکان کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔فوڈ لیبارٹری میں 2,821 اشیا خوردونوش کی ٹیسٹنگ کی گئی، جن میں سے 1,098 اشیا غیر معیاری قرار دی گئیں۔ مضر صحت سبزیوں کے خلاف جاری کریک ڈان کے دوران نالے کے آلودہ پانی سے اگائی گئی 1,200 ایکڑ سے زائد سبزیاں تلف کی گئیں۔حاجی نور محمد دمڑ نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی صرف کارروائی تک محدود نہیں بلکہ آگاہی مہمات، تربیتی سیشنز اور اصلاحی اقدامات کے ذریعے خوراک سے وابستہ شعبوں میں مثبت تبدیلی لا رہی ہے۔ شہریوں کی سہولت کے لیے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں شکایتی باکسز نصب کیے گئے ہیں۔انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ اس مشن کا حصہ بنے اور غیر معیاری خوراک کی نشاندہی کر کے صحت دشمن عناصر کے خلاف کارروائی میں مدد فراہم کرے۔ چیئرمین بی ایف اے نے اس موقع پر واضح کیا کہ “محفوظ خوراک صحت مند زندگی” صرف نعرہ نہیں، عملی عزم ہے۔
بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی سال 2025کی کارکردگی رپورٹ جاری

