کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان میڈیا کونسل ضلع کوئٹہ کے ترجمان نے معروف سینئر صحافی نصیر کاکڑ کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف درج ایف آئی آر کے تحت فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ صحافی نصیر کاکڑ کو مبینہ طور پر اپنے مہمان خانے میں بلاکر تشدد کا نشانہ بنانا، دھونس دھمکیاں دینا اور گالم گلوچ کرنا نہ صرف آزادیٔ صحافت اور صحافیوں کے تحفظ سے متعلق اصولوں کی خلاف ورزی ہے بلکہ بلوچستان کی قبائلی، سماجی اور مہمان نوازی کی روایات کی بھی پامالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کا اہم ستون ہیں جو عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور حقائق عوام تک پہنچانے کی ذمہ داری انجام دیتے ہیں، کسی بھی صحافی کو ذاتی رنجش یا اختلاف کی بنیاد پر تشدد، دھمکی یا دباؤ کا نشانہ بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ایسے واقعات سے صحافی برادری میں تشویش اور عدم تحفظ پیدا ہوتا ہے، اس لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو واقعے کا شفاف اور غیرجانبدارانہ طور پر نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی آر میں نامزد ملزمان کو قانون کے مطابق گرفتار کرنا چاہیے۔ پاکستان میڈیا کونسل ضلع کوئٹہ نے مطالبہ کیا کہ صحافی نصیر کاکڑ کو مکمل انصاف اور تحفظ فراہم کیا جائے اور واقعے میں ملوث تمام افراد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ کسی صحافی کو اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران تشدد یا دھمکیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
صحافی نصیر کاکڑ پر تشدد میں ملوث ملزمان گرفتاری کیے جائیں , پاکستان میڈیا کونسل کوئٹہ

