کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں مختلف محکموں نے اپنی دو سالہ کارکردگی رپورٹس پیش کیں۔ اجلاس میں محکمہ صحت، انڈسٹریز، سکولز، سی اینڈ ڈبلیو، لائیو اسٹاک، انرجی، مائنز اینڈ منرلز اور سائنس اینڈ آئی ٹی کے سیکرٹریز اور سینئر حکام نے متعلقہ شعبہ جات کی کارکردگی، اصلاحات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری شکیل قادر خان نے محکموں کی جانب سے پیش کردہ بریفننگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوام تک براہِ راست فائدہ پہنچانے والے منصوبوں کو ترجیح دی جائے اور ان کی مقررہ وقت پر تکمیل یقینی بنایا جائے، انہوں نے ہدایت کی کہ تمام محکمے عوامی خدمت ، فلاح و بہبود میں مزید کے بہتری لانے کے لئے اپنی کاوشیں تیز کردے اور ہر سطح پر شفافیت کو فوقیت دے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ ڈیجیٹل سروسز کے نفاذ کو تیز کیا جائے، غیر ضروری آسامیوں کے خاتمے کے عمل کو شفاف انداز میں مکمل کیا جائے اور عوامی منصوبوں کی معیار اور سخت مانیٹرنگ پر کوئی سمجھوتا نہ کیا جائے۔ انہوں نے دور دراز علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو خصوصی توجہ دینے کی بھی ہدایت کی۔ سیکرٹریز نے اپنی رپورٹس میں عوامی خدمات کے فروغ، ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، اور وسائل کے شفاف استعمال کی تفصیلات شیئر کیں۔ اجلاس میں خاص طور پر ڈیجیٹائزیشن کے تحت آن لائن سروسز، ای‑رپورٹنگ اور ڈیجیٹل مینجمنٹ سسٹمز کے نفاذ کو تیز کرنے کی کوششوں کو سراہا گیا.
عوام کی فلاح و بہبود صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے : شکیل قادر خان

ٹیگز:
شکیل قادر خان
