کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا کے زیر صدارت ضلع کوئٹہ کے ضلعی کمیٹی کا اجلاس پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری سردار ادریس بڑیچ نے شرکت کی۔ اجلاس میں پشتونخوامیپ کے محبوب چیئرمین ملی مشر محمود خان اچکزئی کی دعوت پر پارٹی کے مرکزی سیکرٹری نواب محمد ایاز خان جوگیزئی کی صدارت میں جنوبی پشتونخوا کے عوام کا تین روزہ جرگہ منعقدہ 31,30اگست اور یکم ستمبر 2026 منعقدہ کوئٹہ کے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور اس سلسلے میں مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی جو جرگہ میں اپنے فرائض، خدمات سرانجام دیں گے۔ اجلاس سے سید شراف آغا، کبیر افغان، جمشیددوتانی،نعیم پیر علیزئی، ملک نادر کاکڑاور شکور افغان نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ کوئٹہ کا یہ تاریخی جرگہ جنوبی پشتونخوا کے عوام کے مسائل، بدامنی اور پشتونوں کے معاشی و سماجی حقوق کے تحفظ کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔ یہ جرگہ محض ایک رسمی اجتماع نہیں بلکہ صوبے کے عوام خصوصاً پشتون عوام کو درپیش سنگین مسائل پر اجتماعی غور و فکر اور مشترکہ لائحہ عمل کریگی۔ آج ہمارے عوام کے مسائل مسلسل نظر انداز ہورہے ہیں، اداروں اور حکومت کے سامنے بار بار آواز اٹھانے کے باوجود شنوائی نہ ہو اور امن و امان کی صورتحال روز بروز خراب ہوتی جائے تو ایسے حالات میں جرگہ ایک اہم اجتماعی پلیٹ فارم کی حیثیت اختیار کر لیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان بالخصوص پشتون علاقوں کے عوام گزشتہ کئی برسوں سے بدامنی، معاشی مشکلات، بے روزگاری، کاروباری رکاوٹوں، بنیادی سہولیات کی کمی اور عدم تحفظ جیسے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔آج امن و امان کی صورتحال عوام کے لیے سب سے بڑا سوال بن چکی ہے۔ دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، اغوا، بھتہ خوری، چیک پوسٹوں اور آمدورفت سے متعلق مشکلات سمیت مختلف مسائل نے عام شہری کی زندگی کو متاثر کیا ہے۔شہری خود کو غیر محفوظ سمجھ رہے ہیں، لاقانونیت بڑھتی جارہی ہے، کاروبارختم، خوف وہراس پھیلتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ضلع کوئٹہ کے تحت تشکیل دی گئی کمیٹیاں صرف انتظامی ودیگر امور کے فرائض سرانجام دینگے جس میں اطلاعات، ٹریفک، خدمت، رجسٹریشن /اندراج، سیکورٹی ودیگر کمیٹیوں میں شامل اراکین اپنی ذمہ داریوں کو بہتر انداز میں سرانجام دیں۔
سید شراف آغا کے زیر صدارت پشتونخوامیپ ضلع کوئٹہ کا اجلاس , تین روزہ جرگہ منعقدہ 31,30اگست اور یکم ستمبر 2026 منعقدہ کوئٹہ کے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا

ٹیگز:
جرگہ
