کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں صوبے بھر میں عوام کی فلاح و بہبود، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل، غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کی واپسی کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر متعلقہ سیکرٹریز، ڈپٹی کمشنرز، کمشنرز نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے تمام آفیسران کو ہدایت کی کہ عوام کی خدمت کے لیے ہر وقت حاضر رہیں اور اپنے محکموں کو عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے مزید متحرک کریں۔ انہوں نے کہا کہ پانی، صحت، تعلیم اور سڑکوں سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی اہم صوبائی ترجیحات میں شامل ہیں اور ان کی فراہمی کو مزید فعال بنایا جائے، اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سیکشن کے تحت 516 منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنایا گیا ہے، مانیٹرنگ کو مزید مؤثر بنا کر باقی منصوبوں کی جلد تکمیل یقینی بنائی جائے۔ بی ایس ڈی آئی کے پہلے اور دوسرے مرحلے میں کل 4,047 ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے تھے جن میں سے تقریباً 90 فیصد منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔ اجلاس میں زرعی انکم ٹیکس کی کلیکشن کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی تاکہ محاصل کی شفاف وصولی اور محکموں کی مالی استعداد بہتر بنائی جا سکے۔چیف سیکرٹری نے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کے کنٹرول کے حوالے سے بھی سخت نگرانی کی ہدایت کی تاکہ منظم طریقے سے عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ صوبے میں پچھلے ماہ میں 53 کھلی کچہریاں منعقد کی جا چکی ہیں جن میں 953 شکایات درج ہوئیں۔ چیف سیکرٹری نے متعلقہ آفیسران کو ہدایت کی کہ درج شدہ شکایات کا جلد ازالہ کریں اور متاثرہ افراد کو بروقت جوابدہی فراہم کریں۔ صوبائی سطح پر بارودی مواد اور مخصوص فرٹیلائزرز کی فروخت، نقل و حمل پر 15 روز کے لیے پابندی عائد کی گئی ہے۔ اس دوران حفاظتی قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ مختلف اضلاع میں آفیسران کی رہائش کے لیے پری فَیب (prefab) ہاؤسز تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اس سے سروس ڈلیوری میں بہتری اور آفیسرز کی سہولت کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ ان تعمیراتی منصوبوں، خاص طور پر پری فَیب ہاؤسز اور سرکاری عمارتوں میں پلانٹیشن کی جائے تاکہ ماحولیاتی بہتری، شجرکاری اور گریننگ کو فروغ ملے۔ چیف سیکرٹری نے زور دیا کہ صوبائی مشینری متحدہ طور پر عوامی فلاح و بہبود کے لیے کام کرے اور ہر ضلع میں عوامی مسائل کے حل کے لیے مربوط حکمتِ عملی اپنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل اور شفافیت حکومتی کارکردگی کی اہم نشانی ہے اور اس پر مسلسل مانیٹرنگ جاری رہے گی۔
آفیسران عوام کی خدمت کے لیے ہر وقت حاضر رہیں اور اپنے محکموں کو عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے مزید متحرک کریں،چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان

ٹیگز:
شکیل قادر خان
