کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا ہے کہ پاکستان کی مضبوطی، قومی یکجہتی اور پائیدار استحکام کا راستہ صرف اس وقت ہموار ہوسکتا ہے جب آئین کے مطابق صوبوں کو ان کے مکمل سیاسی، انتظامی اور معاشی حقوق فراہم کیے جائیں۔ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے، مگر یہاں کے عوام آج بھی بنیادی سہولیات، روزگار، تعلیم، صحت اور ترقیاتی منصوبوں سے محروم ہیں، جس کا ازالہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی وفاق کو مضبوط بنانے پر یقین رکھتی ہے، تاہم مضبوط وفاق کی بنیاد مضبوط اور بااختیار صوبے ہوتے ہیں۔ اگر تمام اکائیوں کو مساوی حقوق، وسائل میں منصفانہ حصہ اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں تو ملک میں سیاسی استحکام، معاشی ترقی اور قومی ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا کہ بلوچستان کی خوشحالی، نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی، معیاری تعلیم، صحت کی بہتر سہولیات، انفراسٹرکچر کی تعمیر، سرمایہ کاری کے فروغ اور قدرتی وسائل سے مقامی آبادی کو حقیقی فائدہ پہنچانا عوام پاکستان پارٹی کی سیاست کا بنیادی مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے، اس لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر ایسی پالیسیاں اختیار کی جائیں جو عوام کی امنگوں کے مطابق ہوں۔انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی جمہوری اقدار، آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور عوامی مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے۔ پارٹی ہر سطح پر عوام کے حقوق کے تحفظ، شفاف طرز حکمرانی اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی تاکہ ایک خوشحال، مستحکم اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکے۔
بلوچستان کی خوشحالی، ترقی اور امن عوام پاکستان پارٹی کی سیاست کا بنیادی محور ہے، پروفیسر حلیم صادق کاصحافیوں سے بات چیت

ٹیگز:
پروفیسر حلیم صادق
