انقرہ (ڈیلی گرین گوادر)ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں منعقدہ انٹرنیشنل ملٹری ڈرون ٹیم مقابلے میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 33 ممالک کے درمیان دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے، جبکہ انفرادی مقابلے میں کیپٹن طلحہ نے 100 سے زائد عالمی پائلٹس کو مات دے کر چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔
مقابلے میں میزبان ترکیہ نے پہلی، پاکستان نے دوسری، اٹلی نے تیسری اور فرانس نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ عالمی سطح کے اس مقابلے میں پائلٹس کی رفتار، تکنیکی مہارت اور رکاوٹوں والے ٹریکس پر ڈرون اڑانے کی صلاحیتوں کا جائزہ لیا گیا، جہاں پاکستانی ملٹری ڈرون ٹیم کی اس کامیابی کو پاک افواج کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جدید دفاعی ٹیکنالوجی میں پیش رفت کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا جا رہا ہے۔

