کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سورینج میں کوئلہ کان کے افسوسناک حادثے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے محکمہ مائنز اینڈ منرلز سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے وزیر اعلیٰ نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق کان کنوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت فرمائے، انہیں اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور سوگوار خاندانوں کو صبرِ جمیل دے۔ میر سرفراز بگٹی نے محکمہ مائنز اینڈ منرلز کو ہدایت کی کہ واقعے کی مکمل، شفاف اور غیرجانبدارانہ انکوائری کرکے حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جائے اور تفصیلی رپورٹ فوری طور پر پیش کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر تحقیقات کے دوران کسی بھی سطح پر غفلت، کوتاہی یا حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں انہوں نے کہا کہ کان کنوں کی جانوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور صوبے بھر کی کوئلہ کانوں میں حفاظتی معیارات اور مائننگ قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ انسانی جانوں کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
کان کنوں کی جانوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے صوبے بھر کی کوئلہ کانوں میں حفاظتی معیارات اور مائننگ قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے : میر سرفراز بگٹی

ٹیگز:
میر سرفراز بگٹی
