کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے سینئر صحافی جان محمد مہر کو قتل کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکھر یونین آف جرنلسٹس کے سابق صدر و سینئر صحافی کی شہادت ناقابل تلافی نقصان ہے ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔ بی یو جے کے صدر عرفان سعید، جنرل سیکرٹری منظوراحمد و دیگر کابینہ اراکین نے اپنے مشترکہ بیان میں سینئر صحافی سکھر یونین آف جرنلسٹس کے سابق صدر جان محمد مہر کے قتل پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے اور سندھ حکومت آئی جی پولیس سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ بی یو جے قیادت نے حالیہ دنوں میں صحافیوں کے قتل، قاتلانہ حملوں اور تشدد کے بڑھتے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں آزادی صحافت کا گلا گھونٹا جارہا ہے۔ جس پر صحافی برادری ہرگز خاموش نہیں رہ سکتی۔بیان میں اس عزم کا اظہار کہا گیا ہے کہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس صحافیوں کے تحفظ بالخصوص جان محمد مہر کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی کے لئے جو لائحہ عمل طے کرے گی بی یو جے اس پر لبیک کہے گی۔
بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کی سینئر صحافی جان محمد مہر کو قتل کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت

ٹیگز:
بلوچستان
