کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے پارٹی کی تنظیمی و سیاسی سرگرمیوں سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک مضبوط، منظم اور فعال تنظیم ہی قومی اہداف کے حصول اور عوام کی حقیقی نمائندگی کی ضمانت بن سکتی ہے۔ پارٹی کی اصل طاقت اس کے مخلص، باصلاحیت اور نظریاتی کارکن ہیں۔ کارکنوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ تنظیمی نظم و ضبط کو ہر حال میں مقدم رکھیں، پارٹی کے فیصلوں اور پالیسیوں پر مکمل عمل درآمد کریں۔ مضبوط تنظیم کا انحصار ڈسپلن، ذمہ داری اور اجتماعی جدوجہد پر ہوتا ہے، اسی لیے ہر کارکن کو اپنی ذمہ داری پوری دیانت داری اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ ادا کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی کے ڈپٹی چیئرمین عبدالرؤف لالا، صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان، صوبائی سینر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا، تحصیل صدر کے سیکرٹری نعیم پیر علیزئی نے ضلع کوئٹہ تحصیل صدر کے 11علاقائی یونٹوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کی صدارت تحصیل صدر کے سیکرٹری نعیم پیر علیزئی نے کی۔اجلاس کی کارروائی تحصیل سینئر معاون سیکرٹری راحت بازئی نے سرانجام دی۔ اجلاس میں ضلع ایگزیکٹیوز، ضلع کمیٹی کے اراکین نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں تنظیمی ڈھانچے کو مزید مستحکم کرنے، سیاسی فعالیت میں اضافہ کرنے اور کارکنوں کو عوام کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ تنظیمی و سیاسی فعالیت کو نچلی سطح تک مؤثر بنایا جائے، یونین کونسل، وارڈ اور ضلعی سطح پر عوام سے روابط کو مزید مضبوط کیا جائے اور پارٹی کے پیغام کو گھر گھر پہنچایا جائے۔ عوام کی بڑھتی ہوئی شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگ عوام دوست سیاست پر اعتماد کر رہے ہیں۔ عوام کو پارٹی میں شامل کرکے اس جدوجہد کو وسعت دی جائے۔ مقررین نے کہا کہ موجودہ حالات میں عوام مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی، بنیادی سہولیات کی کمی اور دیگر سنگین مسائل کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے، امن و امان قائم رکھنے اور جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے میں بری طرح ناکام ثابت ہوئی ہے۔ کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں شہری مسائل، پانی، بجلی، صحت، تعلیم، روزگار اور انفراسٹرکچر کی بدحالی عوام کے لیے مسلسل مشکلات کا باعث بنی ہوئی ہے۔اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ایک فعال، متحرک اور منظم تنظیم ہی عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کر سکتی ہے اور ان کے حل کے لیے عوامی آواز بن سکتی ہے۔ پارٹی کارکن ہر علاقے میں عوام کے مسائل سنیں، متعلقہ اداروں تک پہنچائیں عوامی حقوق کے لیے آئینی اور جمہوری جدوجہد کو مزید مؤثر بنائیں اور عوام کے اعتماد پر پورا اتریں۔انہوں نے کہا کہ تمام عہدیداروں اور کارکنوں پر لازم ہے کہ وہ پارٹی کے محبوب چیئرمین ملی مشر محمود خان اچکزئی کی قیادت میں پارٹی کو ہر سطح پر مزید منظم، فعال اور مضبوط بناکر تنظیمی ڈسپلن کو ہر صورت برقرار رکھیں، کارکنوں کی سیاسی تربیت اور عوامی رابطہ مہم کو تیز کیا جائے تاکہ عوامی مسائل کے حل اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے پارٹی کا کردار مزید مؤثر اور مضبوط ہو سکے۔اوراسی طرح ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر اجتماعی سوچ، تنظیمی وحدت اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنی سیاسی ذمہ داریاں ادا کریں کیونکہ مضبوط تنظیم، باکردار کارکن اور مسلسل عوامی رابطہ ہی کامیاب قومی سیاسی جمہوری تحریک کی بنیاد ہوتی ہے۔
پارٹی کی اصل طاقت مخلص، باصلاحیت اور نظریاتی کارکن ہیں، عبدالرؤف لالا، عبدالقہار خان ودان

