کوئٹہ (پ ر): آل پارٹیز کانفرنس کا اہم اجلاس جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع کی زیر صدارت جمعیت علماء اسلام کے صوبائی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، جس میں مختلف سیاسی جماعتوں اور عوامی تحریکوں کے قائدین نے شرکت کی۔اجلاس میں عوامی نیشنل پارٹی کے اصغر خان اچکزئی اور ثناء اللہ خان کاکڑ، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے سینئر ڈپٹی چیئرمین رضا محمد رضا، صوبائی صدر نصراللہ خان زیری اور فقیر خوشحال کاسی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال اور صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان، نیشنل پارٹی کے ڈاکٹر اسحاق بلوچ اور چنگیز حئی بلوچ، این ڈی ایم کے صوبائی صدر احمد جان خان اور انجینئر امان ناصر، پی ٹی ایم کے نور باچا اور ملک مجید کاکڑ، ایچ ڈی پی کے ڈاکٹر تورانی ہزارہ اور ڈاکٹر سخی ہزارہ، بلوچستان نیشنل پارٹی کے آغا احسن بلوچ اور حاجی وحید لہڑی، جبکہ جمعیت علماء اسلام کے حافظ حسین احمد شرودی، اپوزیشن لیڈر یونس عزیز زیری، مولوی خورشید احمد حاجی نواز کاکڑ، واحد آغا ، حاجی عین اللہ شمس، حاجی غوث اللہ، اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔اسی طرح پی ٹی آئی کے نیاز ملاخیل اور عارف کاکڑ، جماعت اسلامی کے مولانا منصوری، مرتضیٰ کاکڑ، مظلوم عوامی پارٹی کے عباس دورانی، انجمن تاجران کے رحیم کاکڑ، حاجی یاسین مینگل، حضرت علی اچکزئی، کاسی تحریک کے مرکزی رہنما عارف کاسی اور ارباب نذیر کاسی بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس میں ہنہ اوڑک کے شہداء، جاری احتجاجی دھرنے اور مغویوں کی تاحال عدم بازیابی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کے مطالبات کی بھرپور حمایت کی گئی۔ اسی طرح زیارت کے علاقے مانگی فیز تھری میں پیش آنے والے سانحے کے تیس شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے لواحقین کے احتجاجی دھرنے کی مکمل تائید و حمایت کا اعلان کیا گیا۔کانفرنس کے شرکاء نے کہا کہ اس وقت پورا صوبہ دہشت گردی، اغوا برائے تاوان اور مسلح گروہوں کے رحم و کرم پر ہے، جبکہ حکومت نام کی کوئی مؤثر چیز موجود نہیں۔ شرکاء کے مطابق یہ تمام صورتحال ریاستی اداروں کی سرپرستی یا چشم پوشی کا نتیجہ ہے۔رہنماؤں نے کہا کہ ہر ریاست اور حکومت کی بنیادی ذمہ داری عوام کے جان و مال کا تحفظ ہے، مگر بلوچستان اور پشتونخوا میں حکومت اور ریاست اس ذمہ داری کی ادائیگی میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ مائنز اینڈ منرلز کے نام پر مقامی وسائل پر قبضہ کیا جا رہا ہے اور یہی معاملہ عوام کے لیے ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔ شرکاء نے مؤقف اختیار کیا کہ صوبے میں جاری بدامنی اور عدم استحکام کے اصل ذمہ دار ریاستی ادارے ہیں۔
بلوچستان کو درپیش تمام مسائل کے حل کے لیے بہت جلد مرکزی قیادت کی سطح پر جلد بلوچستان میں ایک آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ اس کانفرنس میں تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان اورمرکزی قیادت شرکت کرے گی۔ کانفرنس میں بلوچستان کے مسائل، عوام کو درپیش مشکلات اور ظلم و ناانصافی کے خاتمے اور امن وامان کی قیام کے لیے ایک متفقہ لائحۂ عمل تیار کیا جائے گا تاکہ صوبے میں امن قائم ہو اور عوام کے حقوق کا تحفظ ہوآل پارٹیز کانفرنس کے اختتام پر تمام سیاسی جماعتوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ صورتحال پر باہمی مشاورت اور رابطوں کا سلسلہ مزید جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ، مغویوں کی بازیابی اور صوبے میں امن و امان کی بحالی کے لیے مشترکہ لائحہ عمل مرتب کیا جا سکے۔
آل پارٹیز کانفرنس میں ہنہ اوڑک اور مانگی زیارت کے شہداء سے اظہارِ یکجہتی، مغویوں کی بازیابی کا مطالبہ

ٹیگز:
آل پارٹیز کانفرنس
