کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر پشتون اضلاع میں پٹرول کی مصنوعی قلت اور قیمتوں میں بے تحاشا اضافے نے عوام کی زندگی مزید مشکلات سے دوچار کر دی ہے۔ عید کے موقع پر پہلے ہی مہنگائی کے ستائے ہوئے شہری اب پٹرول مافیا اور ذخیرہ اندوزوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیے گئے ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں ایرانی پٹرول کی قیمت 350 سے 400 روپے فی لیٹر تک پہنچ چکی ہے جو غریب عوام کے ساتھ کھلا ظلم اور ناانصافی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں شدید بیروزگاری کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے کسی حد تک ریلیف دی گئی تھی لیکن پٹرول کی قیمتوں میں خودساختہ اضافے، غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ پٹرول فروخت کرناعوام کے لیے سنگین مسائل کا باعث بن رہی ہے۔ غیر قانونی اور غیر معیاری پٹرول میں اکثر مختلف کیمیکل، ناقص تیل اور دیگر مضر اشیاء کی ملاوٹ کی جاتی ہے، جس سے گاڑیوں کے انجن شدید متاثراور ناکارہ ہوتے جارہے ہیں۔ اسی طرح زہریلا دھواں فضائی آلودگی میں اضافے سے انسانی صحت کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو رہا ہے۔جس سے سانس، الرجی اور دیگر بیماریوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی کارروائیوں کے دعوؤں کے باوجود صورتحال مزید خراب ہو چکی ہے۔ گرفتاریوں، رشوت، لوٹ مار کے بعد مافیا نے دوبارہ من مانی شروع کر دی اور پٹرول مزید مہنگا کر دیا گیا۔جس سے شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہیں اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور سکول جانے والے وین، پبلک ٹرانسپورٹ، رکشوں،نجی گاڑیوں کے کرایوں میں اضافے نے والدین، طلبہ کے مشکلات میں بھی اضافہ کر دیا ہے جبکہ روزگاراور معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت کا یہ اقدام عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری میں اضافہ کرنے کی مترادف ہے جس سے پٹرول مافیا کھلے عام عوام کا استحصال کر رہیں ہے اور انتظامیہ کی رٹ کہیں نظر نہیں آ رہی۔بیان میں کہاگیا ہے کہ فوری طور پر پٹرول مافیا اور ذخیرہ اندوز عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور مصنوعی قلت کا خاتمہ کرکے پٹرول کی قیمت کو فوری طور پر کم کرکے 200 روپے سے نیچے لایا جائے اور معیاری پٹرول کی فراہمی یقینی بنائیں اور عوام کو اس مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑنے کے بجائے عملی اقدامات کریں۔
پٹرول کی مصنوعی قلت اور قیمتوں میں بے تحاشا اضافے نے عوام کی زندگی مزید مشکلات سے دوچار کر دی ہے: پشتونخواملی عوامی پارٹی

ٹیگز:
پشتونخواملی عوامی پارٹی
