پنجگور (ڈیلی گرین گوادر) یونیورسٹی آف مکران پنجگور میں یونیورسٹی آف گوادر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر منظور احمد، لیکچرار ڈاکٹر ارشاد احمد اور ڈرائیور حاتم بلوچ کی بازیابی کیلئے ایک پرامن واک کا اہتمام کیا گیا۔ اس پرامن احتجاجی واک میں یونیورسٹی آف مکران کی انتظامیہ، ٹیچنگ فیکلٹی اور طلباء و طالبات نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کرکے یکجہتی کا اظہار کیا۔یونیورسٹی آف گوادر کے ان اہم علمی و انتظامی شخصیات اور ان کے عملے کی گمشدگی پر جامعہ مکران سمیت ملک بھر کے تمام تعلیمی حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے، جس کے اظہار کے لیے واک کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مغوی اساتذہ کی فوری اور بحفاظت بازیابی کے مطالبات درج تھے۔ پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر اور ان کے رفقاء نے بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم کے پھیلاؤ اور نوجوانوں کی علمی تربیت کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں۔ یونیورسٹی آف مکران پنجگور کی پوری انتظامیہ، فیکلٹی اور طلباء برادری ان جیسے مایہ ناز ماہرینِ تعلیم کے اس طرح لاپتہ ہونے پر گہرے صدمے میں ہے اور اسے پورے معاشرے کے لیے ایک لمحہ فکریہ سمجھتی ہے۔وائس چانسلر یونیورسٹی آف مکران پروفیسر ڈاکٹر میر سادات بلوچ نے اپنے خصوصی پیغام میں اس عزم کا اظہار کیا کہ اس نوعیت کے لرزہ خیز واقعات صوبے کے تعلیمی اداروں، اساتذہ اور محققین میں عدم تحفظ کا احساس پیدا کرتے ہیں، جس سے ہمارے تعلیمی سفر کو شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ ایسے واقعات سراسر تعلیم دشمنی پر مبنی ہیں، جن کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے، کیونکہ ان سے نہ صرف اساتذہ کا وقار مجروح ہوتا ہے بلکہ پورے تعلیمی نظام کو شدید نقصان پہنچتا ہے۔ وائس چانسلر نے اس بات پر خصوصی زور دیا کہ اساتذہ کو ایسے تمام منفی اور بیرونی معاملات سے بالاتر رکھنا انتہائی ناگزیر ہے تاکہ وہ یکسوئی کے ساتھ نسلِ نو کی آبیاری کر سکیں۔ جامعہ مکران کے تمام اساتذہ، انتظامیہ اور طلباء کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے اربابِ اختیار اور مقتدر حلقوں سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ اس حساس معاملے کی سنگینی کو محسوس کرتے ہوئے فوری متحرک ہوں اور مغوی اساتذہ و عملے کی بحفاظت اور جلد از جلد گھروں کو واپسی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں۔
یونیورسٹی آف مکران پنجگور میں یونیورسٹی آف گوادر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر منظور احمد، لیکچرار ڈاکٹر ارشاد احمد اور ڈرائیور حاتم بلوچ کی بازیابی کیلئے ایک پرامن واک کا اہتمام کیا گیا

ٹیگز:
یونیورسٹی آف مکران
