کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں کہا ہے کہ ہزار گنجی کے عوام کوبنیادی مسائل کا سامنا ہے، ترقیاتی کاموں کی کمی، ناقص سہولیات اور حکومتی عدم توجہی نے روزمرہ زندگی کو شدید متاثر کر رکھا ہے۔ ہزار گنجی کے مختلف علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی نہ ہونے کے برابر ہے۔ عوام مہنگے داموں ٹینکر خریدنے پر مجبور ہیں۔ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جس سے حادثات بڑھ رہے ہیں اور آمدورفت میں شدید مشکلات پیش آتی ہیں۔نالیاں بند ہونے اور کچرے کی بروقت صفائی نہ ہونے سے گندگی اور بیماریاں پھیل رہی ہیں۔بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج نے کاروبار اور گھریلو زندگی متاثر کر دی ہے۔ کلی حاجی محمد غوث شائستہ کلیوال میں گزشتہ 7 مہینوں سے مسلسل بجلی بند رکھی گئی ہےجس کے باعث اہل علاقہ کی زندگی مفلوج ہوچکی ہے ،گیس پریشر کی کمی وبندش کا مسئلہ تاحال جاری ہے ،سرکاری ہسپتالوں اور سکولوں میں بنیادی سہولیات کی کمی کے باعث عوام اور طلبہ کو مشکلات کا سامنا ہے۔اسی طرح امن و امان اور اسٹریٹ لائٹس کی کمی کے باعث رات کے وقت اندھیروں کی وجہ سے شہری خود کو غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں۔بلکہ دن میں بھی جرائم پیشہ عناصر ٹارگٹ کلنگ، سٹریٹ کرائمز، چوری، ڈکیتی، گن پوائنٹ پر شہریوں،مزدوروں، کاروباری حضرات کو لوٹنے، دکانوں میں ڈکیتیاں کرنے میں سرگرم عمل رہتے ہیں جنہیں پولیس کی نہ صرف پشت پناہی حاصل ہے بلکہ پولیس ہر واردات کے بعد ان جرائم پیشہ عناصر کوفرارہونے کا مکمل موقع فراہم کرتی ہے۔ کیمروں کی تنصیب کے باوجود کسی بھی واقعہ کا ملزم قانون کی گرفت میں نہیں آتا جس کے باعث جرائم کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی عوام کے مسائل پر خاموش نہیں بیٹھے گی اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ محکموں سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ ہزار گنجی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے اقدامات اٹھائیں تاکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات میسر آ سکیں اورہزار گنجی کے تمام علاقوں میں آباد عوام کی محرومیاں ختم ہوں۔پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ تحصیل سریاب سے مربوط ہزار گنجی شائستہ کلیوال ہزار گنجی علاقائی یونٹ کانفرنس کی صدارت تحصیل سریاب کے سیکرٹری نیاز بڑیچ نے کی۔ کانفرنس میں نجیب الکوزئی علاقائی سیکرٹری،داؤد اچکزئی سینئر معاون سیکرٹری، رحیم اللہ الکوزئی اطلاعات سیکرٹری، حاجی محمد عمر مالیات سیکرٹری، رحمت خان رابطہ سیکرٹری،عبدالعلیم کاکڑ،محمود، حاجی ناصر آکا اور حاجی موسیٰ آکا معاونین منتخب ہوئے۔ نومنتخب کابینہ سے ضلع معاون سیکرٹری نعیم خان اچکزئی نے حلف لیا۔ کانفرنس میں پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا،ضلع سینئر معاون سیکرٹری سعید خان کاکڑ، ضلع معاون سیکرٹری پشین سید امین بشر، تحصیل سیکرٹری نیاز بڑیچ، ہزار گنجی کمرشل علاقائی سیکرٹری نجیب کاکڑ نے خطاب کیا۔کانفرنس کے سٹیج کی کارروائی تحصیل اطلاعات سیکرٹری صدام اچکزئی نے سرانجام دی۔ کانفرنس میں ضلع ایگزیکٹیو اور سینئر وکیل بشیر کاکڑ، ضلع کمیٹی کے رکن حاجی محمد غوث الکوزئی، تحصیل سریاب ایگزیکٹیوز وکمیٹی کے اراکین نے بھی شرکت کی۔ پارٹی رہنماؤں نے منتخب کابینہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور بجاء طور پر یہ امید کی کہ منتخب کابینہ ہزار گنجی کے تمام عوام تک پارٹی پروگرام کو پہنچائیں اور اپنے علاقائی، ابتدائی یونٹس کو فعال بناکر پارٹی میں عوام کی شمولیت اور تنظیم کو مزید منظم بنائیں گے۔
ہزار گنجی کے عوام کو ترقیاتی کاموں کی کمی، ناقص سہولیات اور حکومتی عدم توجہی نے روزمرہ زندگی کو شدید متاثر کر رکھا ہے :نیاز بڑیچ

ٹیگز:
نیاز بڑیچ
