کراچی (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی سندھ کی صوبائی قیادت نے یوسف گوٹھ ناردرن بائی پاس کے متاثرین کے کیمپ کا دورہ کیا اور متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ان کے مسائل تفصیل سے سنے۔ وفد میں صوبائی نائب صدر سید غفور جان، صوبائی سیکریٹری مالیات بشیر خان ترین، صوبائی سیکریٹری اطلاعات عبدالرب درانی اور نعمت خان کاکڑ شامل تھے۔اس موقع پر پارٹی رہنماؤں نے تاجر برادری کی زمینوں اور ان کی قانونی ملکیت پر سرکاری مشینری کے ذریعے قبضے کے عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے غیر قانونی، غیر آئینی اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے تمام اقدامات فوری طور پر بند کیے جائیں اور متاثرین کو انصاف فراہم کیا جائے۔رہنماؤں نے واضح کیا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی تاجر برادری کے ساتھ ہر محاذ پر سیاسی و جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہر کراچی میں پشتونوں کے خلاف جاری سیاسی و معاشی گھیراؤ کسی صورت قابل قبول نہیں اور اس کے خلاف بھرپور اور منظم جدوجہد کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی تاجر برادری کے حقوق کے تحفظ، ان کی قانونی ملکیت کے دفاع اور ہر قسم کی ناانصافی کے خاتمے کے لیے آئینی و جمہوری راستہ اختیار کرتے ہوئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ جبری قبضوں، امتیازی سلوک اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔پشتونخواملی عوامی پارٹی نے مطالبہ کیا کہ تاجروں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور ان کے جائز مطالبات و تحفظات کو فوری طور پر دور کیا جائے۔آخر میں صوبائی وفد نے صدر میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سید حنیف آغا سے ان کے والد کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی، پشتونوں کیخلاف جاری سیاسی و معاشی گھیراؤ کسی صورت قابل قبول نہیں : پشتونخواملی عوامی پارٹی

ٹیگز:
پشتونخواملی عوامی پارٹی
