پشاور (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی خیبر پختونخوا کی صوبائی کمیٹی کا ایک اہم اجلاس پارٹی خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر اشرف علی خان ہوتی ایڈوکیٹ کی زیرِ صدارت پشاور میں پارٹی کے صوبائی سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی کے شریک چیئرمین مختار خان یوسفزئی، سینئر ڈپٹی چیئرمین، سابق سینیٹر رضا محمد رضا، ڈپٹی چیئرمین حمید خان آف ملاکنڈ اور مرکزی سیکریٹری جنرل خورشید کاکاجی کے علاوہ پارٹی کے مرکزی و صوبائی ایگزیکٹو سمیت صوبائی کمیٹی کے اراکین نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس میں پشتونخوا وطن اور ملکی و عالمی سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور پارٹی اداروں اور پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کو فعال بنانے کے لیے مزید فیصلے کیے گئے اور مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں مختلف اضلاع نے اپنی تفصیلی رپورٹس پیش کیں، گزشتہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے شریک چیئرمین مختار خان یوسفزئی، سینئر ڈپٹی چیئرمین رضا محمد رضا اور صوبائی صدر اشرف علی خان ہوتی ایڈوکیٹ نے کہا کہ پشتونخوا نیپ پشتون افغان عوام کی ایک نمائندہ قومی جمہوری پارٹی ہے، جس نے پشتونخوا وطن کی قومی واک و اختیار، قومی خودمختاری اور عوام کی جمہوری اقتدار کے قیام کا عزم کیا ہے۔ پارٹی کارکن قومی محکومی، محرومی اور تباہ حالی سے نجات کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔مقررین نے کہا کہ پشتون افغان ملت اپنی تاریخ کی بدترین صورتحال سے گزر رہی ہے، لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ پشتونخوا وطن کی اکثر جمہوری سیاسی پارٹیاں اس تباہ کن صورتحال پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ ملک کے استعماری حکمران پشتونخوا وطن کی مرضی کے خلاف اس کے بیش بہا قدرتی وسائل پر استعماری قبضہ قائم کرنا چاہتے ہیں اور ہمارے معدنیات، پانی اور دیگر قدرتی وسائل کے وسیع ذخائر کو عالمی سامراجی قوتوں کے حوالے کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کو مستعمرہ بنانے کی غرض سے جنگ مسلط کی گئی ہے اور فضائی و زمینی حملوں کے ذریعے افغان مملکت اور افغان ملت کی قومی اساسوں اور ملکی انفراسٹرکچر کو بے رحمی سے تباہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے پشتونخوا وطن کے وسائل پر استعماری قبضے کے خاتمے اور افغانستان میں جاری جنگ کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا اور افغانستان کے ساتھ پُرامن بقائے باہمی کی بنیاد پر تعلقات قائم کرنے پر زور دیا۔مقررین نے کہا کہ ملک میں اسٹیبلشمنٹ کے تمام عوام دشمن اور غیر آئینی اقدامات کا خاتمہ، آئین و قانون کی حکمرانی، عدلیہ کی آزادی اور پارلیمنٹ کی بالادستی ناگزیر ہے۔ انہوں نے پیٹرولیم، ڈیزل اور دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اشیائے خوردونوش اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کا مطالبہ کیا۔ مقررین نے پشتونخوا وطن کی وطن دوست اور جمہوری سیاسی جماعتوں سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ قومی اہداف کے حصول کے لیے متحدہ محاذ قائم کریں۔ انہوں نے ایران پر امریکی سامراج اور صہیونی اسرائیل کی جانب سے مسلط کردہ انسانیت سوز اور تباہ کن جنگ کے فوری خاتمے کا بھی مطالبہ کیا۔ اجلاس سے مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر سیاسی قیدیوں، جن میں علی وزیر، حاجی صمد لالا، نور اللہ ترین، حنیف پشتون اور دیگر شامل ہیں، کو رہا کرے۔
پارٹی کارکن قومی محکومی، محرومی اور تباہ حالی سے نجات کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے : پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی خیبر پختونخوا

