کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ بیان میں کوئٹہ کے کاسی قبرستان جیسے پُرسکون مقام کا منشیات کے اڈوں اور جرائم پیشہ عناصر کی کمین گاہوں میں تبدیل ہو جانا نہایت افسوسناک اور تشویشناک امر ہے۔ یہ صورتحال نہ صرف علاقے کے تقدس کو پامال کر رہی ہے بلکہ مقامی آبادی، خصوصاً نوجوان نسل کو شدید متاثر کر رہی ہے۔کیونکہ منشیات کا بڑھتا ہوا رجحان نوجوانوں کے مستقبل کو تاریکی کی طرف دھکیل رہا ہے اور علاقے میں چوری اور ڈکیتی کی بڑھتی وارداتیں شہریوں کے جان و مال کو غیر محفوظ بنا رہی ہیں۔گزشتہ روز منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے شالدرہ کے علاقے میں مقامی مسجد کے امام صاحب اور مختلف افراد پر فائرنگ کرکے انہیں شدید زخمی کرنا، چادروچار دیواری کی تقدس کو پائمال کرنے جیسے سنگین جرم کے مرتکب ہوئے لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ پولیس کی جانب سے مؤثر کارروائی نہ ہونے کے باعث جرائم پیشہ عناصر کے حوصلے بلند ہو رہے ہیں اور عوام میں خوف و ہراس بڑھ رہا ہے جس سے قانون کی عملداری پر سوالیہ نشان لگ چکا ہے۔گوالمنڈی پولیس تھانے کے حدود میں ان جرائم کے وارداتوں اور جرائم پیشہ عناصر کے ٹھکانوں میں جرائم کی سرگرمیوں کا جاری رہنا متعلقہ ایس ایچ او اور عملے کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان ہے۔ اور جب بھی ان جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اہل علاقہ آواز اٹھاتے ہیں تو انہیں جان لیوااور عزت نفس مجروح کرنے کی سنگین دھمکیاں دی جاتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ جرائم پیشہ عناصر دیدہ دلیری کے ساتھ سرعام منشیات فروشی میں مصروف ہیں۔بیان میں مذکورہ واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ متعلقہ ادارے فوری طور پر اس سنگین مسئلے کا نوٹس لیں اور قبرستان کے احاطے کو جرائم سے پاک کریں، منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت اور بلا امتیاز آپریشن کیا جائے اور علاقے کے مکینوں کو تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ وہ سکون اور اطمینان کے ساتھ اپنی زندگی گزار سکیں۔
کوئٹہ کے کاسی قبرستان جیسے پُرسکون مقام کا منشیات کے اڈوں اور جرائم پیشہ عناصر کی کمین گاہوں میں تبدیل ہو جانا تشویشناک امر ہے : پشتونخواملی عوامی پارٹی

ٹیگز:
پشتونخواملی عوامی پارٹی
