کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے بلوچستان نے خبردار کیا ہے کہ 5 اپریل کی شام سے صوبے میں بارشوں، تیز ہواؤں، گرج چمک اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش و ژالہ باری کا نیا سلسلہ داخل ہوگا، جو 7 اپریل تک وقفے وقفے سے جاری رہنے جبکہ بالائی علاقوں میں 9 اپریل تک برقرار رہنے کا امکان ہے، اس دوران سیلابی صورتحال اور نقصانات کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے بلوچستان کے مطابق مغربی ہواؤں کا یہ سلسلہ صوبے کے بیشتر اضلاع کو متاثر کرے گا، جن میں کوئٹہ، زیارت، پشین، چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ژوب، خضدار، قلات، مستونگ، سبی، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، لورالائی، بارکھان، ہرنائی، خاران اور چاغی شامل ہیں، جبکہ 6 اپریل کو پنجگور، تربت، کیچ، آواران، لسبیلہ اور مکران کے ساحلی علاقوں گوادر، پسنی اور اورماڑہ میں بھی بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ڑالہ باری بھی ہو سکتی ہے جبکہ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جس سے روزمرہ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔حکام نے خبردار کیا ہے کہ 6 اپریل کو شمال مشرقی بلوچستان کے اضلاع خضدار، سوراب، قلات، مستونگ، کوہلو، ژوب، بارکھان، لورالائی، ہرنائی اور شیرانی سمیت کوہ سلیمان کے علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے، جبکہ ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے۔مزید کہا گیا ہے کہ تیز ہوائیں، ژالہ باری اور آسمانی بجلی کمزور ڈھانچوں جیسے بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچا سکتی ہیں جبکہ کھڑی فصلوں کو بھی شدید نقصان کا خدشہ ہے۔پی ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، جبکہ شہریوں کو طوفانی بارشوں کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی ہے، اسی طرح کسانوں کو بھی موسمی صورتحال کے مطابق اپنی فصلوں کی دیکھ بھال کا مشورہ دیا گیا ہے۔حکام نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
5 اپریل کی شام سے صوبے میں بارشوں، تیز ہواؤں، گرج چمک اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش و ژالہ باری کا نیا سلسلہ داخل ہوگا، جو 7 اپریل تک وقفے وقفے سے جاری رہیگا

ٹیگز:
موسمیات
