کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں ضلع کوئٹہ میں سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے گیس کی فراہمی کو رات 9بجے سے ہی بندکرنے، مختلف علاقوں میں گیس پریشر کی شدید کمی اور گیس کی مسلسل بندش کے ناروا اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے عوام کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کرنے اور پہلے سے شدید مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے شہریوں کو ایندھن کے دیگر ذرائع کی مہنگے داموں خریدنے پر مجبورکرنے کے مترادف قرار دیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ گیس کی بندش جو رات 12کی جاتی تھی اسے آہستہ آہستہ تین گھنٹے قبل کرکے اب 9بجے ہی بند کردیا جاتاہے۔ صارفین کو گھروں میں کھانا پکانا، بچوں اور بزرگوں کی ضروریات پوری کرنے میں نہ صرف مشکلات کا سامنا ہے بلکہ وہ دوہری اذیت کا شکار ہیں ایک طرف گیس کی عدم دستیابی اور دوسری طرف ایندھن کے دیگر ذرائع کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہے جبکہ آئے روز درجنوں واقعات میں سلنڈر دھماکوں سے لوگوں کے پیارے لقمہ اجل اور زندگی بھر کے لیے معذور بنتے جارہے ہیں اور ان کے مکانات مندم ہوتے جارہے ہیں۔ان تمام تر مسائل کی بنیادی ذمہ داری سوئی سدرن گیس کمپنی پر عائد ہوتی ہے، جو گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے میں ناکام نظر آتی ہے۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ فوری طور پر گیس کی فراہمی بحال کی جائے،پریشر کو معمول پر لایا جائے اور گیس کی بندش کو اپنے مقررہ وقت رات12بجے لایا جائے۔
سوئی سدرن گیس کمپنی کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات ا ور دشواریوں کا سامنا ہے ٗ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی

