کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) صوبہ کے مختلف علاقوں میں بجلی کے لائنوں سے تاریں (کنڈکٹرز) اور دیگر برقی آلات چوری کرنے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف بجلی کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے بلکہ کیسکو کو بھاری مالی نقصان کا بھی سامنا کرنے کے ساتھ ساتھ صارفین کو بجلی کی فراہمی میں تعطل پیدا ہونے سے اذیت کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔اسی طرح گزشتہ روز سبی کے علاقے بھاگ میں نامعلوم چوروں نے 33 کے وی گنداوہ فیڈر کے 26 کھمبوں سے کنڈکٹرز (بجلی کی تاریں) چوری کر لیں اس دوران پانچ پی سی سی PCC کھمبوں کو بھی مکمل طور پر نقصان پہنچایا گیا جس کے نتیجے میں 33kV گنداوہ فیڈر سے منسلک علاقوں کو بجلی کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہو گئی ہے۔کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کے ترجمان کے مطابق بھاگ کے علاقے میں 33kVگنداوہ فیڈر پر کنڈکٹرز چوری ہونے کے بعد ابتدائی سروے و رپورٹ اور نقصان کا تخمینہ لگایا جائے گا جسکے بعد متاثرہ بھاگ کے علاقہ میں 33kVلائن سے بجلی کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام پیر کے روز شروع کر دیا جائے گا۔ترجمان نے مزید کہا کہ کیسکو لہڑی سب ڈویڑن کی جانب سے واقعہ میں ملوث چوروں کے خلاف قانونی کارروائی و ایف آئی آر کے اندراج کے لیے متعلقہ پولیس اسٹیشن میں تحریری درخواست جمع کرا دی گئی ہے تاکہ واقعہ میں ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔کیسکو نے تمام عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ قومی اثاثوں کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں اور بجلی کی تنصیبات، کھمبوں اور تاروں کی حفاظت یقینی بنائیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا چوری کی اطلاع فوری طور پر کیسکو ہیلپ لائن 118 یا متعلقہ سب ڈویڑن کے علاوہ متعلقہ پولیس اسٹیشن کو دیں تاہم اس دوران 33kVگنداوہ فیڈر سے کنڈکٹرز کی چوری ہونے سے بجلی کی بندش پر کیسکو نے اپنے متعلقہ صارفین سے معذرت اور تعاون کی اپیل کی ہے۔
بھاگ میں 33kV گنداوہ فیڈر کے 26 کھمبوں سے کنڈکٹرز چوری، بھاگ کے علاقہ کو بجلی کی فراہمی متاثر

ٹیگز:
بھاگ
