گوادر (ڈیلی گرین گوادر)خلیجی کشیدگی کے بیچ گوادر محفوظ متبادل، عالمی شپنگ کمپنیوں کا رخ،گوادر پورٹ ٹرانس شپمنٹ حب بننے کی راہ پر گامزن،مفت اسٹوریج اور وسیع گنجائش، گوادر میں تجارتی سرگرمیوں میں تیزی،ایم وی،ایچ ایم او لیڈر بحری جہاز کی گوادر پورٹ پر آمد، تفصیلات کے مطابق گوادر پورٹ نے علاقائی بحری و تجارتی سرگرمیوں میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے بحری جہاز M/V HMO LEADER (IMO 9169811) کی کامیاب برتھنگ مکمل کر لی ہے۔ مذکورہ جہاز 368 میٹرک ٹن پر مشتمل جنرل ٹرانس شپمنٹ کارگو لے کر گوادر پہنچا، جسے گوادر بندرگاہ کی بڑھتی ہوئی تجارتی سرگرمیوں کا واضح اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق خلیجی خطے میں جاری کشیدگی اور روایتی بحری راستوں پر درپیش خدشات کے باعث بین الاقوامی شپنگ لائنز متبادل اور محفوظ راستوں کی تلاش میں ہیں، جس کے نتیجے میں گوادر پورٹ کو ایک محفوظ اور اسٹریٹجک بندرگاہ کے طور پر تیزی سے اہمیت حاصل ہو رہی ہے۔ بڑھتی ہوئی تعداد میں عالمی شپنگ کمپنیاں اپنے ٹرانس شپمنٹ کارگو کے ذخیرے کے لیے گوادر پورٹ کا رخ کر رہی ہیں، جو اپنے جدید انفراسٹرکچر اور جغرافیائی محلِ وقوع کی بدولت نمایاں برتری فراہم کرتا ہے۔ گوادر پورٹ کی جانب سے اس رجحان کو مزید فروغ دینے کے لیے ٹرانس شپمنٹ کارگو پر مفت اسٹوریج کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ گوادر پورٹ اور اس سے منسلک فری زون میں تقریباً 16 ہزار ٹی ای یوز (TEUs) کنٹینرائزڈ کارگو اور 90 ہزار سے زائد مربع میٹر جنرل کارگو ذخیرہ کرنے کی گنجائش موجود ہے۔ اس موقع پر چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گوادر پورٹ خطے میں ایک محفوظ، مؤثر اور معاشی لحاظ سے قابلِ اعتماد متبادل بندرگاہ کے طور پر ابھر رہا ہے۔ چیرمین پورٹ نے کہا کہ بین الاقوامی شپنگ کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اس بات کا ثبوت ہے کہ گوادر عالمی تجارتی نقشے پر اپنی جگہ مستحکم کر چکا ہے۔ چیرمین نورالحق بلوچ کے مطابق مفت اسٹوریج سمیت دیگر سہولیات کا مقصد عالمی تجارت کو سہولت فراہم کرنا اور گوادر کو علاقائی ٹرانس شپمنٹ حب میں تبدیل کرنا ہے۔ چیرمین نورالحق بلوچ نے مزید کہا کہ بندرگاہ کی جدید سہولیات، وسیع گنجائش اور اسٹریٹجک محلِ وقوع بلیو اکانومی کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے، جبکہ مستقبل قریب میں گوادر پورٹ علاقائی تجارت اور لاجسٹکس کا مرکزی مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ M/V HMO LEADER کی کامیاب برتھنگ کو توسیع شدہ آپریشنز کا عملی ثبوت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ ماہرین کے مطابق علاقائی استحکام، مالی مراعات اور وسیع انفراسٹرکچر گوادر کو تیزی سے ایک اہم علاقائی تجارتی مرکز بنا رہے ہیں۔
گوادر میں تجارتی سرگرمیوں میں تیزی،ایم وی،ایچ ایم او لیڈر بحری جہاز کی گوادر پورٹ پر آمد

ٹیگز:
گوادر
