بلوچستان قدرتی وسائل، ساحلی پٹی اور زرعی صلاحیتوں کے حوالے سے بے پناہ مواقع رکھتا ہے اور ترکیہ کے سرمایہ کاروں کے لیے یہ ایک موزوں اور پرکشش خطہ ہے،بلال کاکڑ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے گزشتہ روز یہاں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیراوغلو سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے بلوچستان میں موجود وسیع سرمایہ کاری مواقع پربات چیت کی۔ اس موقع پر اس بات پر زور دیا گیا کہ ماہی گیری (سی فوڈ)، زراعت اور لائیو اسٹاک شعبوں میں مشترکہ منصوبوں (جوائنٹ وینچرز) کے ذریعے نہ صرف مقامی معیشت کو فروغ دیا جا سکتا ہے بلکہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارتی تعلقات کو بھی مزید مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔اس موقع پر بلال خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل، ساحلی پٹی اور زرعی صلاحیتوں کے حوالے سے بے پناہ مواقع رکھتا ہے اور ترکیہ کے سرمایہ کاروں کے لیے یہ ایک موزوں اور پرکشش خطہ ہے۔ انہوں نے ترک کمپنیوں کو دعوت دی کہ وہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور مقامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر پائیدار ترقی میں کردار ادا کریں۔اس موقع پر سفیر ڈاکٹر عرفان نذیراوغلو نے پاکستان خصوصاً بلوچستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترکی پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبے کے درمیان روابط کو مضبوط بنا کر تجارت اور سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
بلوچستان قدرتی وسائل، ساحلی پٹی اور زرعی صلاحیتوں کے حوالے سے بے پناہ مواقع رکھتا ہے اور ترکیہ کے سرمایہ کاروں کے لیے یہ ایک موزوں اور پرکشش خطہ ہے،بلال کاکڑ

ٹیگز:
بلال کاکڑ
