کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی)قلات سید زاہد حسین شاہ نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر شہریوں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے اور شہر میں ٹریفک کے نظام کو مثر بنانے کے لیے ایک جامع اور خصوصی ٹریفک پلان نافذ کر دیا ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ عید کے دنوں میں بازاروں میں متوقع رش کے پیشِ نظر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ اس منصوبے کے تحت شہر کی اہم شاہراہوں، داخلی و خارجی راستوں اور گنجان آباد تجارتی مراکز میں اضافی ٹریفک اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں، جبکہ غیر قانونی پارکنگ اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ایس پی قلات سید زاہد حسین شاہ نے ٹریفک انتظامات کا خود جائزہ لینے کے لیے شاہی بازار قلات کا تفصیلی دورہ بھی کیا اور ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ شہریوں کی بھرپور رہنمائی کریں اور کسی بھی مقام پر ٹریفک جام نہ ہونے دیں۔ انہوں نے قلات کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ عید کی خریداری اور آمد و رفت کے دوران ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں اور پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ عید کی خوشیاں محفوظ اور خوشگوار رہیں۔ ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ قلات پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت الرٹ ہے اور عید کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
قلات،عیدالفطر کے لیے خصوصی ٹریفک پلان نافذ، ایس پی سید زاہد حسین شاہ کا شاہی بازار کا دورہ

ٹیگز:
قلات
