اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین اور رکنِ قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ نے اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایرانی سفیر سے ملاقات کر کے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا۔ چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے اس اندوہناک سانحے کو نہ صرف ایرانی قوم بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے ایک عظیم اور ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی پوری زندگی ظلم، جبر، سامراجی قوتوں اور صہیونی جارحیت کے خلاف جدوجہد سے عبارت رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی، جنگی جنون اور طاقت کے بے جا استعمال نے عالمی امن کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے، جس کے باعث پورے خطے میں عدم استحکام کی صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی سامراج اور اسرائیلی صہیونیت کی توسیع پسندانہ پالیسیوں نے مشرقِ وسطیٰ سمیت پورے خطے کو عدم استحکام، خونریزی اور تباہی کی طرف دھکیل دیا ہے۔ مظلوم اقوام کے حقوق کی پامالی، ریاستی دہشت گردی اور خودمختار ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت قابلِ مذمت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی برادری کو اس صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی چاہئیں تاکہ خطے میں امن، استحکام اور انصاف کو یقینی بنایا جا سکے۔ چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے کہا کہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت سامراجی قوتوں کے خلاف مزاحمت اور اصولی جدوجہد کی علامت کے طور پر یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی سیاسی اور فکری جدوجہد آنے والی نسلوں کے لیے حوصلے، استقامت اور اصولی سیاست کی روشن مثال بنی رہے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ظلم، ناانصافی اور جارحیت کے خلاف مشترکہ آواز بلند کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے حالیہ سانحے میں ایرانی عوام کو پہنچنے والے جانی و مالی نقصانات پر بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی اس مشکل گھڑی میں برادر اسلامی ملک ایران اور اس کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے۔ آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے، زخمیوں کو جلد صحتِ کاملہ عطا فرمائے اور ایرانی قوم کو صبر و استقامت عطا فرمائے۔ اس موقع پر ایرانی سفیر نے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ کی آمد، اظہارِ تعزیت اور یکجہتی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں دوست اقوام کی حمایت ایرانی عوام کے لیے باعثِ اطمینان اور حوصلہ افزائی کا سبب بنتی ہے۔
خوشحال خان کاکڑ کا اسلام آباد میں ایران کے سفارتخانے کا دورہ ٗسپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر رنج و غم کا اظہار

ٹیگز:
خوشحال خان کاکڑ
