کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیپ کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پشتون افغان ملت کو درپیش اذیت ناک صورتحال سے نجات کے لیے مسلسل سیاسی جمہوری جدوجہد کے بغیر کوئی چارہ نہیں ۔ پارٹی اور تنظیم کے عہدیداروں اور کارکنوں نے پارٹی فیصلوں پر بروقت عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا ۔ نوجوانوں نے علم کے حصول میں مسلسل محنت سے کام لینا ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار پارٹی کے مرکزی سینئر سیکرٹری سید عبدالقادر آغا ایڈووکیٹ مرکزی سیکرٹری اطلاعات محمد عیسیٰ روشان اور پشتونخوا ایس او کے زونل سیکرٹری وارث افغان نے پشتونخوا ایس او کی جانب سے دیئے گئے افطار پارٹی سے پریس کلب میں خطاب کر رہے تھے ۔ جبکہ تلاوت کلام پاک کی سعادت شفیق دلشاد نے حاصل کی اور اسٹیج کے فرائض زوہیب کبزئی نے ادا کیے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی چیئرمین خوشحال خان کاکڑ کے حق میں سپریم کورٹ کا فیصلہ پارٹی قیادت اور کارکنوں کی مسلسل عزم کے ساتھ جدوجہد کا نتیجہ اور جیت ہے جبکہ پشتونخوا نیپ کی قیادت اور کارکنوں نے عوام کے حقیقی ووٹ کا حقیقی دفاع کیا ۔ پارٹی کارکن اور عوام اس کامیابی کی خوشی مناتے ہوئے کبر و غرور سے دور رہے اور اپنی جدوجہد کو مزید تیز کرے ۔ انہوں نے کہا کہ پشتون افغان ملت کو ہر شعبہ زندگی میں درپیش تنزلی ، تباہی وبربادی ، سیاسی ، معاشی ، ثقافتی اور قومی محکومی ، بھوک ، غربت و افلاس ، دربدی ، مسافرانہ زندگی ، مسلط جعلی دہشت گردی ، ایک قوم کی استعماری بالادستی اور استحصال پر مبنی استعماری حکمرانی کا نتیجہ ہے ، جس سے نجات کے لیے قربانیوں سے لبریز منظم جدوجہد ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سامراج ، صیہونی اسرائیل کی ایران کے خلاف حملہ اور جارحیت ملک کے بحرانی صورتحال ، ملکی جعلی حکمرانوں کی اقوام و عوام دشمن پالیسیاں ، دروغ گوئی پر مبنی داخلہ و خارجہ پالیسی ، پشتون قومی سیاسی تحریک کی قیادت سے یہ تقاضا کرتا ہے کہ وہ حالات کا ادراک کرتے ہوئے پشتون قومی اتحاد اور پشتون قومی ایجنڈے کی تشکیل وقت کی اولین ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ طلباء وطالبات نے اپنے علم کے حصول میں دن رات انتھک محنت سے کام لے کر اپنے خاندان اور قوم کے امیدوں پر پورا اترنا ہوگا اور پڑھائی کے دوران وقت ضائع کیے بغیر اپنی زمہ داریوں کو پورا کرنا ہوگا ۔ پشتونخوا ایس او کے ہر کارکن کے لیے لازمی اور ضروری ہے کہ وہ بھرپور مطالعہ کے ساتھ تعلیم کے حصول میں اُن کی کوئی کمزوری قابلِ برداشت نہیں اور بااخلاق و باکردار اور معاشرے کے کامیاب انسان بننے کے لیے اپنے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کی مسلسل منفی استعمال کرنے والے پشتون قومی تحریک اور اپنی پارٹیوں کے ہمدرد و خیرخواہ نہیں بلکہ وہ شعوری اور غیر شعوری طور پر دشمن کے آلہ کار کا کردار ادا کر رہے ہیں اور پشتنی دود و دستور اور سیاسی جمہوری اخلاقیات سے اپنے آپ کو بالاتر سمجھنے والے کارکن پشتون قومی تحریک اور جمہوری پارٹیوں کے لیے بدترین منفی عنصر ثابت ہو چکے ہیں ایسے منفی عناصر کے خلاف تادیبی کارروائی لازمی اور ضروری ہے ۔ افطار پارٹی زونل ایگزیکٹو کی طرف سے دی گئی جس میں پارٹی رہنماؤں ، پشتونخوا ایس او کی مختلف یونٹوں کے عہدیداروں اور کارکنوں کی کثیر تعداد میں شرکت کی ۔
پشتون افغان ملت کو درپیش اذیت ناک صورتحال سے نجات کے لیے مسلسل سیاسی جمہوری جدوجہد کے بغیر کوئی چارہ نہیں : سید عبدالقادر آغا ایڈووکیٹ

