اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) وزیراعظم شہباز شریف نے اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کردیا۔ شہباز شریف نے لاہور میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا وسائل کا مزید ضیاع کسی صورت قبول نہیں۔ بورڈ آف گورنرز کو فوری طور پر فعال کیا جائے۔ کسی قسم کا تعطل قبول نہیں کریں گے۔
انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی باصلاحیت نوجوان آئی ٹی کے شعبے میں اپنے تئیں روزگار کما رہے ہیں، متعلقہ اتھارٹی غیر فعال ہے۔ وزیراعظم نے اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی فعال کرنے کیلئے کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں وزیرِ انفارمیشن ٹیکنالوجی، وزیرِ قانون، وزیرِ سرمایہ کاری، مشیرِ وزیرِ اعظم احد چیمہ، سینیٹر عفنان اللہ اور چیئرمین سی ڈی اے کمیٹی کے ممبر ہونگے۔ کمیٹی ایک ہفتے کے اندر اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کو فعال کرنے کیلئے اپنی سفارشات پیش کرے۔
شہباز شریف نے کہا کہ بورڈ آف گورنرز میں متعلقہ شعبے کے ماہرین کی موجودگی یقینی بنائیں۔ اتھارٹی میں پلاٹوں میں سرمایہ کاری کے بجائے اس کے اصل مقصد یعنی ملک میں ٹیکنالوجی کے فروغ پر توجہ دی جائے۔اجلاس کو اسپیشل ٹیکنالوجی زونز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اتھارٹی میں اس وقت 400 کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں جس میں سے 63 فیصد پاکستانی جبکہ باقی چین، امریکا، ترکیہ اور دیگر ممالک سے تعلق رکھتی ہیں۔

