کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے بلوچستان کی ترقی اور عوام کو حقوق کی فراہمی نواز شریف کا ہمیشہ کلیدی ایجنڈا رہا ہے،گوادر، سی پیک اور ترقی کا عمل بلوچستان کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو نوابزادہ میر حاجی لشکری خان رئیسانی اورمیر ہمایوں عزیز کرد اور نصیر خان اچکزئی سے ملاقات کے دوران گفتگو کر تے ہوئے کہی، ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی دعوت دی،حاجی لشکری رئیسانی نے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دینے پر شہباز شریف کا شکریہ ادا کر تے ہوئے کہا کہ ساتھیوں اور دوستوں سے مشاورت کے بعد اپنے فیصلے سے آگاہ کروں گا۔ انہوں نے 21 اکتوبر کو مینار پاکستان پر کامیاب جلسے پر شہباز شریف کو مبارک دی۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 16 ماہ کے دوران بطور وزیراعظم بلوچستان کے سب سے زیادہ دورے کئے بلوچستان میں دانش سکول کی بنیاد رکھ دی ہے نوجوانوں کو تعلیم دینا اور ہنرمند بنانا ترقی کے عمل کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے دوبارہ موقع دیا تو بلوچستان کو ترقی کے عمل میں تاریخی حصہ دیں گے بلوچستان سمیت تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، ملاقات میں حاجی لشکری رئیسانی نے محمد نواز شریف کی ملک وقوم کی ترقی کے لئے خدمات اور وژن کو سراہا۔قبل ازیں سابق وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے حاجی لشکری رئیسانی اور دیگر راہنماؤں کا استقبال کیا۔
بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے،شہباز شریف

ٹیگز:
شہباز شریف
