کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ہماری پہچان سب سے پہلے پاکستانی ہے پھر ہم بلوچ یا کچھ اور ہوں گے ریاست ہر صورت اپنے شہریوں کا تحفظ کرے گی کوئٹہ میں ڈی ریڈی کلائزیشن سینٹر فعال کر دیا گیا ہے جہاں زیر حراست افراد کو اہل خانہ سے ملاقات سمیت ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے ریاست کے پیسوں سے ریاست مخالف سرگرمیاں نہیں ہونے دیں گے بلوچستان کے نوجوانوں کو یونیورسٹیوں سے نکال کر خودکش بمبار بنانا کون سی خدمت ہے بیرون ملک منظم گروہ نوجوانوں کو دہشت گردی کی جانب راغب کر رہے ہیں یہ بات انہوں نے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پوائنٹ آف ارڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں پوائنٹ آف ارڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ کابینہ نے پسنی فش ہاربر سے متعلق جو کمیٹی بنائی تھی اس نے تجویز دی تھی کہ فش ہاربر کے حوالے سے موجود اداروں کو محکمہ فشریز میں ضم کیا جائے لیکن اب دستاویزات میں یہ کہا گیا ہے کہ ان دونوں اداروں کو بتدریج ختم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہاربر ٹھیک ہو جائے تو یہ اپنی آمدن خود پیدا کرے گا دونوں اداروں کے ملازمین کی تنخواہ 36 کروڑ روپے بنتی ہیانہیں ڈائینگ کیڈر میں ڈال کر ختم نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے زبانوں کے لیے قائم سرکاری اور غیر سرکاری اکیڈمیوں کے بورڈ میں محکمہ خزانہ کے ایڈیشنل اور ڈپٹی سیکرٹری شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ایک اکیڈمی جس کی گرانٹ پانچ لاکھ روپے ہے اور وہ تربت میں قائم ہے اس کے لیے ہر بار بورڈ اجلاس میں شرکت کے لیے یہاں سے سرکاری افسر جائیں گے جو کہ مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی گرانٹ پر بلوچی براہوی پشتو اور ہزارگی اکیڈمیز کا بمشکل گزر بسر ہو رہا ہے اگر حکومت کو اکیڈمیز کی سرگرمیوں میں کوئی مسئلہ نظر آتا ہے تو ان کا آڈٹ کر لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ایک ہفتے میں نیشنل پارٹی کے چار سے پانچ لوگوں کو جھاؤ گشکور کوگدان سمیت دیگر علاقوں میں شہید کیا گیا ہے اس کا نوٹس لیا جائے۔ اجلاس میں پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے بی این پی عوامی کے رکن میر اسد اللہ بلوچ نے کہا کہ مادری زبانوں کی ترویج آئین کا حصہ ہے اکیڈمیز کو مزید بہتر بنانا چاہیے۔پنجگور میں ہر روز لاشیں گر رہی ہیں میرے گاؤں میں سات لوگوں کی لاشیں پھینکی گئی ہیں انہوں نے کہا کہ اگر کوئی پہاڑ پر لڑ رہا ہے تو اس سے لڑا جائے مگر عام آبادی پر ہتھیار نہ اٹھائے جائیں وزیراعلی جرگہ بلا کر عوام کو اعتماد میں لیں 35 لوگوں کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کیے گئے ہیں ان کی نوکریاں خطرے میں ہیں جس پر وزیراعلی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ نیشنل پارٹی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت نقصان اٹھایا ہے پورا ایوان پنجگور اور تربت میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مادری زبان معدوم ہونے کے قریب ہیں ہم نے ان کی ترویج کرنی ہے اور معدومیت سے روکنا ہے حکومت نے کبھی نہیں کہا کہ وہ اکیڈمیز پر قدغن لگائی گئی اکیڈمیز کے سپیشل برانچ کی آدٹ رپورٹ میں بہت سی چیزیں ابھر کر آئی ہیں جنہیں ہم درست کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچی شاعری کے ذریعے نوجوانوں کو اکسا کر ریاست مخالف کیا جا رہا ہے اور انہیں خودکش بمبار بننے کی ترغیب دی جاتی ہے حکومت صرف اکیڈمیز کے مالی معاملات کی نگرانی کرنا چاہتی ہے تاکہ کوئی بھی ریاست کی رقم کو ریاست کے خلاف استعمال میں نہ لائے۔وزیراعلی نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ سال 14 ارب روپے کی بچت کی ہے ہم صرف ایک ارب روپے کے اخبارات پڑھتے تھے جسے بند کیا ہے وزیراعلی ہاؤس کی 435 خالی آسامیوں کو دوبارہ محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کو بھیجا ہے ہم سے پف ٹیک نے 15 نائب قاصد مانگے تھے جو اضافی کوٹے سے انہیں فراہم کر دیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم کسی سرکاری ملازم کو نوکری سے نہیں نکال رہے بلکہ ختم ہونے والے کیڈر کا تحفظ کر رہے ہیں حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے 12 ارب روپے کی ہیلتھ انشورنس اسکیم شروع کی ہے جس سے حکومت کو چھ ارب روپے کی بچت ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسنگ پرسن کا مسئلہ پیچیدہ ہے ہماری جماعت ہمیشہ مسنگ پرسنز کے خلاف رہی ہے محترمہ بے نظیر بھٹو کی آخری تقریر بھی مسنگ پرسن پر تھی ہماری اتحادی جماعت کی رہنماء مریم نواز خود مسنگ پرسنز کے کیمپ میں جاتی رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خواہ میں مسنگ پرسنز کی تعداد بلوچستان سے بہت زیادہ ہے اس پر کبھی واویلا نہیں ہوتا امریکہ میں 20 ہزار لوگ مسنگ ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ میں اس مسئلے کی حمایت کرتا ہوں بلکہ ہم چاہتے ہیں کہ یہ مسئلہ ہمیشہ کے لیے حل ہو اس مقصد کے لیے ڈی ریڈیکلائزیشن سینٹر قائم کیے جا رہے ہیں کوئٹہ میں اس سینٹر کا افتتاح کر دیا گیا ہے جبکہ جنوبی اضلاع میں سینٹر قائم کرنے کے لیے رقم کی منظوری دے دی گئی ہے
ہماری پہچان سب سے پہلے پاکستانی ہے پھر ہم بلوچ یا کچھ اور ہوں گے، میرسرفراز بگٹی

ٹیگز:
میرسرفراز بگٹی
