کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکریٹریٹ سے جاری کردہ پریس ریلیز میں ضلع ژوب کے علاقے مرغہ کبزئی کے گاؤں غورلم میں 7 مارچ کو پیش آنے والے انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے سرگرم کارکن واوک ولد زرداد کبزئی کو نامعلوم مسلح افراد نے بے دردی سے فائرنگ کر کے شہید کر دیا، جو نہ صرف ایک انسانیت سوز واقعہ ہے بلکہ علاقے کے امن و امان اور قانون کی عملداری پر بھی ایک سنگین سوالیہ نشان ہے۔ بیان کے مطابق واقعے کے بعد شہید واوک کبزئی کی لاش دو دن تک لاپتہ رہی، جس کے باعث اہلِ خانہ اور مقامی عوام شدید ذہنی اذیت اور کرب میں مبتلا رہے۔ بعد ازاں جب ان کی لاش برآمد ہوئی تو پورے علاقے میں غم، صدمے اور شدید غصے کی فضا پھیل گئی۔ یہ امر نہایت تشویشناک ہے کہ ایک سیاسی کارکن کو اس بے رحمی کے ساتھ قتل کر دیا جائے اور اس کے بعد بھی مجرم قانون کی گرفت سے باہر رہیں۔ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی اس واقعے کو صرف ایک فرد کا قتل نہیں بلکہ علاقے میں بڑھتی ہوئی بدامنی، قانون کی کمزور عملداری اور عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکامی کا واضح ثبوت سمجھتی ہے۔ پارٹی نے اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ اب تک اس سفاکانہ قتل میں ملوث عناصر کو گرفتار نہیں کیا گیا، جو متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سنگین سوالات کو جنم دیتا ہے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی، مقامی عوام اور شہید کے لواحقین نے صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس اندوہناک اور سفاکانہ قتل میں ملوث تمام عناصر کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دی جائے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس واقعے کی غیر جانبدارانہ، مکمل اور شفاف تحقیقات کو یقینی بنایا جائے تاکہ اصل حقائق منظرِ عام پر آئیں اور کسی بھی بااثر یا مجرم عنصر کو قانون سے بالاتر نہ سمجھا جائے۔ پریس ریلیز میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر اس واقعے کے ملزمان کو فوری طور پر گرفتار نہ کیا گیا اور انصاف کے تقاضے پورے نہ کیے گئے تو علاقے کے عوام اور پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی شدید احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ حکومت اور ریاستی اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور ایسے سفاکانہ واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کریں تاکہ آئندہ کسی خاندان کو اس قسم کے دردناک سانحے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
شہید واوک کبزئی کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے ٗ پشتونخوانیشنل عوامی پارٹی

