کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کی ضلعی کمیٹی کا ماہانہ اجلاس پارٹی کے ضلع سینئر معاون سیکریٹری ندا خان سنگر کی صدارت میں کوئٹہ کے ایک نجی ہوٹل میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تنظیمی امور، موجودہ سیاسی صورتحال، امن و امان، اور پارٹی کی آئندہ حکمتِ عملی پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا، جس کی سعادت پارٹی کے ضلع ڈپٹی سیکریٹری ماسٹر صدیق مشوانی نے حاصل کی، جبکہ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکریٹری رحمت اللہ صابر نے انجام دیے۔ اجلاس میں ضلع کوئٹہ کے تمام علاقائی یونٹس کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی، جن میں پروفیسرز، وکلاء، ڈاکٹرز، انجینئرز اور پشتون اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (پی ایس او) کے ذمہ داران شامل تھے۔ مختلف یونٹس کے نمائندوں نے اپنی ماہانہ کارکردگی رپورٹس پیش کرتے ہوئے تنظیمی سرگرمیوں، عوامی رابطہ مہم اور درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کمیٹی کے اراکین نے بیشتر علاقائی یونٹس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا، تاہم بعض رپورٹس کا تنقیدی اور تعمیری جائزہ بھی لیا گیا تاکہ تنظیمی کمزوریوں کی نشاندہی کر کے مستقبل میں کارکردگی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ اجلاس میں تنظیمی نظم و ضبط، کارکنوں کی تربیت اور عوامی رابطوں کو مزید فعال بنانے پر خصوصی زور دیا گیا۔ اجلاس میں پارٹی کے مرکزی سینئر سیکریٹری سید قادر آغا ایڈووکیٹ، صوبائی سیکریٹری فقیر خوشحال کاسی، صوبائی ڈپٹی سیکریٹری رزاق خان بڑیچ، سید احسان آغا، عبیداللہ توخی اور فیاض صاحب نے بھی شرکت کی اور مختلف تنظیمی و سیاسی امور پر اپنی آراء پیش کیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سینئر سیکریٹری سید قادر آغا ایڈووکیٹ اور ضلع سینئر معاون سیکریٹری ندا خان سنگر نے کہا کہ موجودہ حالات میں پشتون افغان وطن، بالخصوص کوئٹہ شہر، سنگین سیاسی، معاشی اور امن و امان کے مسائل سے دوچار ہے۔ انہوں نے کہا کہ فارم 47 کے تحت قائم مسلط کردہ حکومت عوامی مسائل کے حل اور امن و استحکام کے قیام میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے، جس کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ مقررین نے کہا کہ ایسے نازک اور حساس حالات میں پارٹی کارکنوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ سیاسی شعور بیدار کریں، عوام کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھیں اور جمہوری و آئینی جدوجہد کے ذریعے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور بنیادی حقوق کے حصول کے لیے عملی کردار ادا کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام علاقوں میں ابتدائی یونٹس کو فعال بنایا جائے اور پارٹی پروگرام گھر گھر تک پہنچایا جائے تاکہ عوامی طاقت کے ذریعے موجودہ پالیسیوں کا جمہوری انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ عوام کو بہتر زندگی، وسائل پر حقِ ملکیت، باعزت روزگار کے مواقع، معیاری تعلیم اور بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی منظم سیاسی جدوجہد کے بغیر ممکن نہیں۔ مقررین نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ آئندہ چھ ماہ کے اندر تمام ابتدائی اور علاقائی یونٹس کے انتخابات مکمل کیے جائیں تاکہ تنظیمی ڈھانچے کو مزید مضبوط اور فعال بنایا جا سکے۔ مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ موجودہ حالات میں اپنے وطن، وسائل اور قومی تشخص کا دفاع ایک منظم، مضبوط اور نظریاتی تنظیم کے ذریعے ہی ممکن ہے، اور پشتون وطن کے حقوق کا تحفظ پارٹی کے ہر کارکن کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ اجلاس کے اختتام پر ضلع کوئٹہ کے ڈپٹی سیکریٹری فرحان خلجی کی جانب سے شرکاء کے اعزاز میں افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا، جس پر پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے باہمی یکجہتی اور تنظیمی رفاقت کی خوبصورت مثال قرار دیا۔
موجودہ حالات میں پشتون افغان وطن سنگین سیاسی، معاشی اور امن و امان کے مسائل سے دوچار ہے : سید قادر آغا ایڈووکیٹ

ٹیگز:
سید قادر آغا ایڈووکیٹ
