کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ایران پر امریکی سامراج اور اسرائیلی صہیونیستی قوتوں کی جانب سے کیے جانے والے ہر قسم کے فوجی حملوں اور جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور ان اقدامات کو عالمی امن، علاقائی استحکام اور خودمختار ریاستوں کی سالمیت کے خلاف کھلی جارحیت قرار دیتی ہے۔پارٹی کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور تنازعات بڑی طاقتوں کی سیاسی و عسکری مداخلت کا نتیجہ ہیں، جن کا مقصد خطے کے ممالک کو کمزور کرنا اور ان کے درمیان انتشار پیدا کرنا ہے۔ اس نوعیت کی کارروائیاں نہ صرف خطے کے عوام کو عدم تحفظ اور بدامنی سے دوچار کرتی ہیں بلکہ عالمی امن کے لیے بھی سنگین خطرہ بن رہی ہیں۔
آج پوری دنیا، بالخصوص اسلامی ممالک، عالمی طاقتوں کی مداخلت اور تفرقہ انگیز پالیسیوں کے باعث مشکل حالات سے گزر رہی ہے۔ مظلوم اقوام کے اتحاد کو کمزور کرنا سامراجی حکمتِ عملی کا ایک واضح پہلو ہے، جس کے نتیجے میں عالمی سطح پر بے چینی اور عدم استحکام میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ایران پر امریکہ اور اسرائیل کی حملوں اور جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ٗ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

