کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادز)وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہر سفارتی اور اخلاقی فورم پر ایران کی مکمل حمایت کی ہے اور اقوام متحدہ میں بھی ایران کے خلاف حملے کی واضح الفاظ میں مذمت کی ہے اپنے جاری ایک بیان میں شاہد رند نے کہا کہ بلوچستان حکومت بھی قومی مؤقف کے ساتھ کھڑی ہے اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کی خواہاں ہے شاہد رند نے بلوچستان کی مذہبی جماعتوں، سیاسی رہنماؤں اور عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ موجودہ صورتحال میں جذباتیت کے بجائے تحمل، بردباری اور دانشمندی کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے، تاہم احتجاج کو تشدد یا قانون ہاتھ میں لینے کی شکل دینا دشمن کے مذموم عزائم کو تقویت دے سکتا ہے انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اور کسی کو بھی بدامنی پھیلانے یا عوامی و سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ صوبے میں ہم آہنگی، بھائی چارہ اور امن کو فروغ دیں۔ معاون وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ بلوچستان میں قیامِ امن کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ العمل ہے اور عوام الناس مفادِ عامہ میں قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد، داخلی استحکام اور بلوچستان کا امن ہی اس وقت پاکستان کی اصل طاقت ہے، اور ہم سب کو مل کر اسے مضبوط بنانا ہوگا۔
قومی اتحاد، داخلی استحکام اور بلوچستان کا امن ہی اس وقت پاکستان کی اصل طاقت ہے، شاہد رند

ٹیگز:
شاہد رند
