کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں افغان کڈوال (مہاجرین) کے نام پر کوئٹہ کے تمام تھانوں کے حدود سے ہزاروں شناختی کارڈ ہولڈرز پشتونوں کو اس ماہ مقدس میں گرفتار کرکے انھیں بلاجواز تنگ کرنے، حبس بیجا میں رکھنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیاہے کہ پولیس وانتظامیہ کا یہ ناروا طرز عمل کسی صورت قابل قبول نہیں اور مسلط نام نہاد حکومت کے اس قسم کے اقدامات سے پشتون سیال قوم میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے بالخصوص کوئٹہ شہر میں پویس کی جانب سے ہر علاقے میں جاری سرچ آپریشن اور راہ چلتے ہوئے بچوں، نوجوانوں، شہریوں کو افغان مہاجر کے نام پر پولیس تھانے لیجانے کا نارواعمل جاری رکھا گیا ہے اور لوگ اپنے پیاروں کے شناختی کارڈزاور دیگر دستاویزات لیئے پولیس تھانوں اور دیگر انتظامی دفاتر کے باہر ساری رات اور دن بھر روزہ کی حالت میں انتظار کرکے ان کی رہائی اور تصدیق کے عمل میں بدترین اذیت سے دوچار ہورہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان کڈوال عوام کو اقوام متحدہ کے بین الاقوامی قوانین کے تحت یہاں لاکر بسایا گیا اب انھیں بیجا تنگ کرنے، گھروں سے اٹھانے، چادر وچار دیواری کی تقدس کی پائمالی، بچوں، عورتوں کی تضحیک وتذلیل کرنے، تھانوں میں ان سے ناجائز طور پر رشوت بٹورنے، ان پر تشدد کا سلسلہ فوری طور پر بند کرکے انہی بین الاقوامی قوانین کے تحت باعزت طریقے سے اپنے وطن بھیجا جائے اور جو افغان کڈوال یہاں پر پیدا ہوکر جوان ہوئے ہیں انھیں پاکستانی شہریت دی جائے جن کا وہ بین الاقوامی اور پاکستانی قوانین کے مطابق حقدار بھی ہیں جو کڈوال اس معیار پر نہیں اترتے ہیں انھیں وقت دیا جائے تاکہ وہ یہاں سے اپنے کاروبار اور جائیدادیں ختم کرکے اپنی مرضی سے اپنے وطن لوٹ جائیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان کڈوال عوام کے ساتھ جاری ناروا عمل کا فوری خاتمہ کیا جائے اور جنگی قیدیوں کی طرح گرفتار کرکے شناختی کارڈ کے نام پر بلیک میل کرنے،گاڑیوں میں ٹھونس کر ملک بدر کرنے جیسے ناروا اور انسانیت سے مبرا عملیات کے ذریعے انھیں ذلیل کرنے جیسے عمل سے کداوتوں میں اضافہ ہوگا اور افغان کبھی اپنی بے عزتی اور تذلیل نہیں بھولتے۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پشتون مقامی لوگوں کی تضحیک وتذلیل، گرفتاریوں، چھاپوں کے سلسلے کا فوری خاتمہ کرتے ہوئے تمام پولیس تھانوں میں حبس بیجا میں رکھے گئے افراد کو رہا کیا جائے اور حکومت اپنے اس فیصلے پر نظر ثانی کرے کیونکہ مقامی عوام پولیس اور انتظامیہ کے مابین پیدا ہونیوالی ہر قسم کی صورتحال کی ذمہ دار مسلط حکومت پر عائد ہوگی۔
افغان کڈوال (مہاجرین) کے نام پر ہزاروں شناختی ہولڈرز پشتونوں کو بلا جواز گرفتار کرنے کی مذمت کرتے ہیں ٗ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی

ٹیگز:
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی
